گمبھی راؤ پیٹ میں بایو گیس پلانٹ کا افتتاح

   

زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے ممکنہ اقدامات ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا و دیگر وزراء کا خطاب

مبھی راوپیٹ، سرسلہ 5 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجنا سرسلہ ضلع کے گمبھی راوپیٹ میں آج ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرم ارکا نے ریاستی وزراء تمالا ناگیشور راو، ڈی سریدھر بابو اور پونم پربھاکر بشمول صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی کے ہمراہ گمبھی راوپیٹ کا دورہ کیا،جہاں انکا سابق رکن اسمبلی کے مرتینجم،گورنمنٹ ویپ اے سرینواس ،ڈسٹرکٹ کلکٹر گریما اگروال اور ضلع ایس پی مہیش بی گیتے نے ہیلی پیڈ پر ان کا شاندار استقبال کیا۔دورے کے دوران بایو گیس پلانٹ کا افتتاح انجام دیا گیا اور کسانوں سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرم ارکا نے کہا کہ زرعی اور نامیاتی فضلے کے ذریعے گیس پیدا کر کے نہ صرف توانائی حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ کسانوں کیلئے مستقل آمدنی کا ذریعہ بھی پیدا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد کسانوں کو طویل مدتی فائدہ پہنچانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں گرین انرجی کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ماحول کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کسانوں کو دالوں اور ملٹس (موٹے اناج) کی کاشت کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ان فصلوں سے بہتر منافع حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کسانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔انہوں نے فصلوں کی تبدیلی (کراپ روٹیشن) کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا، جبکہ بایو گیس منصوبے کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل کے متبادل کے طور پر گیس، SNG اور الیکٹرک ذرائع کو فروغ دیا جا رہا ہے اور حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔تقریب میں کانگریس ارکان اسمبلی، مقامی قائدین بشمول شیخ غوث، سید زبیر، حمیدالدین، سید نصرت اللہ، محمد کلیم الدین، پرشار ہنمنڈلو، امیش راو، سرپنچ پدما نرساگوڈ اور دیگر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔