گمشدہ پاسپورٹ دوبارہ حاصل کرنا اب نہایت آسان

   

می سیوا سے پی ایس کے تک دوبارہ اجرائی کا عمل ، پاسپورٹ آفیسر جے اسنہیاجا کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : اگر آپ کا پاسپورٹ کھو گیا ہے تو اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک خصوصی شعور بیداری پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ جس کا مقصد گمشدہ پاسپورٹ کے دوبارہ حصول کے عمل کو شفاف بنانا ہے ۔ پاسپورٹ آفیسر جے اسنیہاجا نے اس عمل کی وضاحت کی ہے ۔ ایسے افراد جن کے پاسپورٹ گم ہوگئے ہیں وہ سب سے پہلے می سیوا سنٹر پہونچکر پاسپورٹ گمشدگی کی درخواست دیں اور اپنی تفصیلات فراہم کریں ۔ مقامی پولیس آپ کی فراہم کردہ تفصیلات کی جانچ کرے گی اور ایک حلف نامہ ( Affidavit ) جاری کریگی ۔ پولیس کی جانچ کے بعد می سیوا سے گمشدہ سرٹیفیکٹ حاصل کریں ۔ یہ سرٹیفیکٹ ملنے کے بعد پاسپورٹ دوبارہ جاری کرنے کیلئے آن لائن سلاٹ بک کریں ۔ منتخب کردہ تاریخ پر پاسپورٹ سیوا کیندر جائیں اور اپنے اصل دستاویزات کے ساتھ می سیوا کا جاری کردہ سرٹیفیکٹ پیش کریں ۔ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد صرف 7 سے 10 دنوں کے اندر نیا پاسپورٹ جاری کردیا جائے گا ۔ ایسے افراد جن کے پاس اپنے گمشدہ پاسپورٹ کا نمبر یا دیگر تفصیلات موجود نہیں ہیں ۔ ان کیلئے بھی طریقہ کار واضح کیا گیا ہے ۔ وہ براہ راست (RPO) سنٹر پہونچے اور اپنے شناختی کارڈ آدھار وغیرہ کی تفصیلات جمع کرائے ۔ وہاں موجود عملہ ڈیٹا بیس چیک کر کے آپ کے پرانے پاسپورٹ کی تفصیلات فراہم کردے گا ۔ ان تفصیلات ملنے کے بعد آپ متذکرہ می سیوا والے عمل کا آغاز کرسکتے ہیں ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ کسی ایجنٹ کے چکر میں آنے کے بجائے اس سرکاری اور قانونی طریقہ کار سے استفادہ کریں ۔۔ 2/m/b