گوداوری کھنی میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کی تعمیراتی سرگرمیاں عروج پر

   

ستمبر میں 150 ایم بی بی ایس نشستوں کیلئے کونسلنگ کا منصوبہ
حیدرآباد۔14۔ جنوری (سیاست نیوز) گوداوری کھنی میں قائم کردہ میڈیکل کالج میں تعلیمی سال 2022-23 ء سے کلاسس کے آغاز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کالج میں تعمیراتی سرگرمیاں جنگی خطوط پر جاری ہیں اور حکومت نے گوداوری کھنی کول بیلٹ سے تعلق رکھنے والے عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے میڈیکل کالج قائم کیا ہے۔ ریاستی حکومت اور سنگارینی کالریز کمپنی لمٹیڈ مشترکہ طور پر کالج کے انتظامات چلائیں گے۔ حال ہی میں سنگارینی کالریز انتظامیہ نے کالج بلڈنگس کی تعمیر کے لئے 500 کروڑ روپئے جاری کئے ۔ کالج کی 150 ایم بی بی ایس نشستوں پر داخلہ کیلئے ستمبر میں کونسلنگ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ گوداوری کھنی ایریا ہاسپٹل کے حدود میں آئی سی یو سہولت کے علاوہ 85 بستروں کا دواخانہ قائم کیا جائے گا ۔ کالج کے پرنسپل ہیما بندھو کے مطابق جاریہ سال ستمبر میں کالج کے مین بلاک کی تعمیر مکمل ہوجائے گی اور ایم بی بی ایس کے پہلے بیاچ کا آغاز ہوگا۔ کالج کیلئے فیکلٹیز کے تقرر کا عمل جاری ہے۔ ابتداء میں 50 فیکلٹی ممبرس کی ضرورت ہوگی جن میں سے 18 سینئر ریسیڈنس ڈاکٹرس ، 4 پروفیسرس ، 3 اسسٹنٹ پروفیسرس نے ڈیوٹی جوائن کرلی ہے ۔ پرنسپل نے بتایا کہ میڈیکل کونسل آف انڈیا کی جانب سے کالج کے معائنہ کا انتظار ہے۔ توقع ہے کہ عنقریب میڈیکل کونسل کی ٹیم دورہ کرے گی۔ میڈیکل کونسل سے کالج کیلئے نشستوں میں اضافہ کی سفارش کی جائے گی ۔ ر