گورنر تلنگانہ کیخلاف دائر درخواست کی سماعت 23 جنوری تک ملتوی

   

حیدرآباد ۔5 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی آر ایس قائدین ڈی شراون اور ستیہ نارائنا کی جانب سے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے خلاف دائر کردہ درخواست کی سماعت کو 23 جنوری تک ملتوی کردیا ہے۔ قانون ساز کونسل کی گورنر کوٹہ کے تحت دو نشستوں کیلئے سابق بی آر ایس حکومت نے ڈی شراون اور ستیہ نارائنا کے نام تجویز کیا تھا لیکن گورنر نے دونوں ناموں کو مسترد کردیا۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ کابینہ کے فیصلہ کو مسترد کرنے کا گورنر کو اختیار نہیں۔ ریاستی کابینہ نے دو ناموں کی منظوری دی تھی۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے آج درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے کہاکہ دستور کی دفعہ 171 کے تحت گورنر کو اختیار نہیں ہے کہ وہ کابینہ کے فیصلہ کو مسترد کریں۔ گورنر کی جانب سے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دستور کی دفعہ 361 کے تحت گورنر کے خلاف پٹیشن دائر نہیں کی جاسکتی ، لہذا مستردکرنے کی اپیل کی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت سے اپنا موقف پیش کرنے کیلئے وقت مانگا جس پر آئندہ سماعت 23 جنوری کو مقرر کی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں حکومت نے گورنر کوٹہ کی دو نشستوں کیلئے نام تجویز کئے تھے لیکن سوندرا راجن نے 19 ستمبر کو دونوں نام مسترد کردیئے ، ان کا استدلال تھا کہ گورنر کوٹہ کے تحت سیاسی پس منظر رکھنے والے افراد کو نامزد نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست گزاروں نے گورنر پر اختیارات سے تجاوز کا الزام عائد کیا۔1