حیدرآباد ۔ 22 اگست (سیاست نیوز) گچی باؤلی کے علاقہ میں عمارت گرنے سے 2 افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہیکہ انجایانگر گچی باؤلی میں ایک سات منزلہ عمارت اچانک گر پڑی۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور دیگر عمارتوں کے عوام اپنے ٹھکانوں سے نکل گئے۔ چند ہی لمحوں میں اس علاقہ میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ اس حادثہ میں دو افراد ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ اطلاع کے بعد حیڈرا کمشنر مسٹر رنگاناتھ، مقامی رکن اسمبلی ، سائبرآباد میونسپل کمشنر سرجنا و دیگر مقامات واردات پہنچ گئے ۔ ذرائع کے مطابق عمارت کی تعمیر مکمل ہوچکی تھی اور تعمیری کام آخری مراحل میں تھے کہ آج دوپہر عمارت اچانک گر پڑی اور عمارت میں موجود 34 سالہ رمیش کارے اور 42 سالہ موپت ساکن ہلاک ہوگئے دونوں کا تعلق مدھیہ پردیش سے تھا جبکہ اس عمارت کے پڑوس میں موجود ایک ضعیف جوڑا زخمی ہوگیا۔ عمارت ایک دوسری عمارت پر گر پڑی ۔ ذرائع کے مطابق عمارت 50 گز اراضی پر سات منزلہ عمارت تعمیر کی گئی۔ بلدی حکام کا کہنا ہیکہ عمارت کیلئے کسی قسم کی کوئی اجازت نہیں لی گئی اور نہ ہی تعمیر میں کسی شرائط کو خاطر میں لایا گیا۔ من مانی انداز میں تعمیر کی گئی اس تعمیر کی تکمیل تک بلدی حکام بھی خواب غفلت میں تھے بلدی حکام کو بھی ایسے حادثات میں جواب دہ بنانا چاہئے چونکہ کوئی بھی غیرمجاز تعمیر سے ان کا غیرواقف ہونا ممکنات میں سے نہیں ہے۔ انجایا نگر گچی باؤلی میں ایسی کئی غیرمجاز عمارتیں ہیں ۔ معتبر ذرائع کے مطابق اس عمارت کو ساجد نامی بلڈر نے تعمیر کیا اور اس علاقہ میں ساجد نے کافی تعمیرات کو انجام دیا جو اکثر تعمیر کے بعد عمارتوں کو فروخت کردیا کرتا ہے۔ پولیس ساجد کو تلاش کررہی ہے اور بلدی حکام اور حیڈرا ساجد کی جانب سے تعمیر کردہ عمارتوں کی نشاندہی میں جٹ گئی ہیں۔ پولیس گچی باؤلی نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔عa/b/