گگن پہاڑ میں غیر مجاز وینچرس کا انہدام شروع

   

پرانے شہر میں بھی تالابوں کے شکم میں کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔ محکمہ عمارات و شوارع اور محکمہ مال نے مشترکہ کاروائی میں گگن پہاڑ علاقہ میں تالابوں کے شکم اور گذرگاہوں پر وینچرس کو منہدم کرکے تالابوں کو بحال کرنے کا آغاز کردیا ہے ۔ کہاجار ہاہے کہ شہر میں بھی جلد ایسی کارروائی شروع ہوگی۔دونوں شہروں میں گذشتہ ماہ سیلاب کے سبب گگن پہاڑ علاقہ میں تالاب کی اراضی پر پلاٹنگ سے پشتہ ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا اور اس میں 8افراد بہہ گئے تھے ۔ محکمہ عمارات و شوارع و محکمہ مال کی جانب سے تالاب کے شکم میں موجود وینچرس کو ختم کرکے انہدام کی کاروائی شروع کی جا چکی ہے ۔ اس کارروائی کی اطلاع ملنے پر پرانے شہر کے جن علاقوں میں سیلاب کا پانی داخل ہوا ہے ان کے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ شروع کردیا کہ ان تالابوں پر سے بھی قبضہ جات کو برخواست کروایا جائے جن کے لبریز ہونے اور پشتہ ٹوٹنے اور ٹوڑے جانے کے سبب کئی علاقوں میں پانی داخل ہوا ہے۔ بالاپور تالاب کا پشتہ توڑے جانے ے حافظ بابا نگر کے کئی علاقوں میں پانی داخل ہوا جبکہ پلے چیروو کا پشتہ ٹوٹنے سے الجبیل کالونی ‘بندلہ گوڑہ کے کئی محلہ جات میں پانی داخل ہوا جبکہ دونوں تالابوں کے شکم اور اطراف کے علاقوں میں جہاں پانی کا گذر ہوتا ہے وینچرس جاری ہیں اور تالابوں کی اراضیات پر غیر مجاز تعمیرات کے علاوہ ہمہ منزلہ عمارتیں تعمیر ہونے لگی ہیں جو مستقبل میں خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں اسی لئے جس طرح گگن پہاڑ کے شہریوں کو محفوظ کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں اسی طرح پرانے شہر کو بھی محفوظ کیا جائے۔