گھریلو جھگڑے اور جہیز ہراسانی کے سبب علیحدہ علیحدہ واقعات میں4 خواتین کی خودکشی

   

حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے مختلف واقعات میں چار خواتین نے خودکشی کرلی۔ زائد جہیز کیلئے ہراسانی کا شکار ایک شوہر سے جھگڑے کے بعد ایک اور گھریلو مسائل سے تنگ آکر خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا۔ مشیرآباد پولیس کے مطابق 34 سالہ شمائیلہ جو باپوجی نگر علاقہ کے ساکن شخص سرجس راج کی بیوی تھی۔ اس خاتون نے کل رات پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ شمائیلہ جہیز کیلئے ہراسانی کا شکار تھی اور ہراسانی سے دلبرداشتہ ہوگئی تھی جس نے انتہائی اقدام کرلیا۔ بھوامی نگر پولیس کے مطابق 32 سالہ فاطمہ بیگم جو تالاب کٹہ علاقہ کے ساکن سید یوسف کی بیوی تھی۔ اس خاتون نے سمجھا جارہا ہے کہ 13 اپریل کے دن ایسڈ کا استعمال کرلیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ فاطمہ بیگم کی شادی 13 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے 4 بچے ہیں۔ گزشتہ دنوں شوہر سے جھگڑے کے بعد یہ خاتون اپنے مائیکے آگئی تھی اور اس نے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کرلیا۔ پنجہ گٹہ پولیس کے مطابق 34 سالہ سندھیا جو گھریلو ملازمہ بتائی گئی ہے۔ یہ خاتون پنجہ گٹہ علاقہ کے ساکن ستیہ نارائنا کی بیوی تھی۔ خاتون گھریلو جھگڑوں سے تنگ آچکی تھی اور اس نے کل رات انتہائی اقدام کرلیا۔ شاہ میرپیٹ پولیس کے مطابق 28 سالہ خاتون مہیشوری جو مجید پور علاقہ کے ساکن شخص کرشنا چاری کی بیوی تھی۔ یہ خاتون پیشہ سے ٹیلر بتائی گئی ہے۔ 13 اپریل کے دن اس خاتون نے خودسوزی کرلی اور علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگئی۔ مہیشوری گھریلو تنازعات سے پریشان اور ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئی تھی۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔