گیس سلینڈر کی غیر قانونی ری فلنگ کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

6 افراد گرفتار۔ درجنوں سلینڈرس ضبط ۔ ایس او ٹی بالا نگر کی کارروائی
حیدرآباد۔/21 مارچ، ( سیاست نیوز) گیس سلینڈر کی غیر قانونی ری فلنگ کرنے والی ایک ٹولی کا پردہ فاش کرکے اسپیشل آپریشن ٹیم بالا نگر زون نے 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایس او ٹی بالا نگر نے جگت گیری گٹہ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں تقریباً 10 لاکھ 50 ہزار روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا جس میں 5 گاڑیاں، 190 کمرشیل گیس سلینڈر، 88 بھرے ہوئے اور 103 خالی سلینڈرس، 67 ہندوستان پٹرولیم کے ڈومیسٹک سلینڈرس، 26 فلنگ پائپ،6 موبائیل فون اور 4 ویئنگ مشین ضبط کرلیا۔ پولیس نے 34 سالہ جی شیوا ساکن آلوین کالونی،27 سالہ این نریش آلوین کالونی، 35 سالہ بی سریش، 28 سالہ بی مہیش ساکن باچوپلی، 39 ساکلہ ایس ناگراجو ساکن پرگتی نگر اور 21 سالہ ایس کارتک ساکن باچوپلی کو گرفتارکرلیا۔ عبدالقادر اور کے کرشنا مفرور ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ڈومیسٹک گیس سلینڈر کے ذریعہ غیر مجاز کارروائی جاری تھی۔ ڈومیسٹک سلینڈرس کی گیس کو غیر قانونی کمرشیل سلینڈرس میں ری فلنگ کرکے انہیں فروخت کیا جارہاتھا۔ آس پاس کے علاقوں میں کمرشیل سرگرمیوں کیلئے ان گیس سلینڈرس کو فروخت کیا جاتا تھا۔ پولیس سمجھتی ہے کہ کمرشیل گیس سلینڈرس کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد زائد منافع کمانے کی خاطر یہ حرکت کی جارہی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ کرشنا اور عبدالقادر ہندوستان پٹرولیم ( ایچ پی ) کی گیس ایجنسی، دیورکا ایجنسی کے نام سے نرسا پور میں ایجنسی لیز پرچلارہے ہیں ان افراد نے ایسے گاہکوں کی نشاندہی کی جو نقل مکان کرکے حیدرآباد منتقل ہوئے اور وہ گیس سلینڈرس نہیں رکھتے یہ لوگ ان کے ناموں سے سلینڈر بک کرتے ان کو مہیش کے حوالے ایک سو روپئے زائد قیمت پر فروخت کرتے تھے۔ اس طرح مہیش اور دیگر افراد ان ڈومیسٹک گیس سلینڈرس کو کمرشیل میں منتقل کرکے فروخت کررہے تھے۔ پولیس نے انہیں بے نقاب کردیا۔ع