گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام مشکلات سے دوچار

   

نارائن پیٹ میں بی آر ایس کا دھرنا، رکن اسمبلی راجندر ریڈی کی مرکز پر تنقید
نارائن پیٹ۔ /3 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف آج بی آر ایس پارٹی کی جانب سے آر ٹی سی بس اسٹانڈ کے قریب نرسی ریڈی چوراہا پر زبردست دھرنا پروگرام منظم کیا گیا جس میں رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی و دیگر پارٹی قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نے مرکزی بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت ملک میں نفرت پھیلاتے ہوئے اپنے ناپاک عزائم و مقاصد کی تکمیل میں لگی ہوئی ہے۔ جب سے مرکزمیں یہ حکومت قائم ہوئی ہے ملک کا غریب‘ غریب سے غریب تر اور ملک کے چند کارپوریٹ گھرانے امیر سے امیرترین ہوتے جارہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے ملک کے عوام کو امن و چین سے رکھنے کے بجائے انہیں ملک میں ہندو مسلم کے نام پر لڑاؤ اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ زیادہ دن چلنے والا نہیں ہے۔ غریب عوام گیس کی بے تحاشہ قیمتوں کے سبب پھر لکڑی کے چولہوں پر پکوان کے لئے مجبور ہورہے ہیں۔ مہنگائی کے دور میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کم سے کم کرنے کے بجائے حکومت جی ایس ٹی اور دیگر ٹیکسوں کے ذریعہ قیمتوں کو بڑھا رہی ہے۔ اس موقع پر چوراہا پر گیس سلینڈروں کو رکھ کر راستہ روکا گیا۔ اس احتجاج میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی مرکزی حکومت اور بی جے پی کا ہر جگہ تعاقب کرے گی اور عوام اور ملک کے ساتھ کھلواڑ کرنے نہیں دے گی۔ اس موقع پر ٹاؤن پریسیڈنٹ مسٹر وجئے ساگر، مسٹر سرینواس ریڈی، اقلیتی قائدین محمود انصاری، محمد چاند، دستگیر چاند، محمد فیروز کے علاوہ ارکان بلدیہ، بی آر ایس قائدین اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔