گیس کی قیمتوں میں اضافہ‘ یوم خواتین پر مرکز کا تحفہ

   

گمبھی راؤ پیٹ میں بی آر ایس قائدین کا ریمارک‘ سڑک پر لکڑی کا چولہا جلاکر احتجاج

گمبھی راؤ پیٹ۔ 2؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ مرکزی حکومت کی طرف سے بڑھائے گئے پکوان گیس کی قیمتوں کو کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے راجنا سرسلہ ضلع کے گمبھی راؤ پیٹ مستقر پربھارت راشٹرا سمیتی کی جانب سے راستہ روکو مظاہرہ کیا گیا۔ گاندھی چوک پر کئے گئے اس مظاہرہ کے دوران بی آر ایس قائدین نے کھانا پکانے کے گیس سلنڈر سڑک پر رکھ کر لکڑی کے چولہے جلاکر زبردست احتجاج کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھارت راشٹرا سمیتی کے قائدین نے مرکزی حکومت کی طرف سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ قائدین نے کہا کہ یوم خواتین کے موقع پر خواتین کو تحفے کے طور پر کھانا پکانے کی گیس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب متوسط طبقے کے خاندان شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو انتباہ دیا کہ وہ کھانا پکانے والی گیس کی قیمتوں کو فوری طور پر کم کرے، ورنہ بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر چیرپرسن منڈل پریشد وی کرونا، نائب چیرپرسن منڈل پریشد لتا، زیڈ پی ٹی سی وجئے لکشمن، صدر منڈل بی آر ایس وینکٹ سوامی ،سابقہ زیڈپی کوآپشن محمد غوث، سیس ڈائریکٹر نارائن راو، کے علاوہ راجہ رام لنگم ، وحید، نواز خان ، محمداحمد، راجو، سرکانت ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔