ہائیکورٹ نے سادہ بیع ناموں کو باقاعدہ بنانے پر روک لگادی

   

حیدرآباد:تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج سادہ بیع ناموں ( رجسٹریشن کے بغیر خریدی گئی اراضی) کو باقاعدہ بنانے کے معاملہ کی سماعت ہوئی۔عدالت نے 12 اکٹوبر کو جاری جی او 112 کو چیلنج کرنے والی نرمل ضلع کے شنڈے دیو داس کی مفاد عامہ کی عرضی کی سماعت کی اور سادہ بیع ناموں کو باقاعدہ بنانے پر روک لگادی۔عدالت نے کہا کہ ریاستی حکومت نے لینڈ ریکارڈ آف رائٹ (آر او آر) ایکٹ کے تحت سادہ بیع ناموں کو باقاعدہ بنانے کیلئے ایک جی او جاری کیا ہے۔ نیا ریونیو ایکٹ نافذ ہونے کے بعد بھی اس جی او پر عمل غلط ہے ۔ ایڈوکیٹ جنرل پرساد نے بتایا کہ 10 سے 29 اکتوبر تک حکومت کو 2,26,693 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ 29 اکتوبر کو نیا ریونیو ایکٹ نافذ ہونے کے بعد موصولہ 6,74,201 درخواستوں پر غور نہ کیا جائے۔