ہدایت کے باوجود کورونا ٹسٹ نہ کرنے پر ہائیکورٹ حکومت پر برہم

   

محکمہ صحت کے خلاف توہین عدالت کارروائی کا انتباہ، میڈیکل بلیٹن میں حقیقی تعداد پیش کی جائے
حیدرآباد۔ 8 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے آج حکومت پر برہمی کا اظہار کیا کہ اس نے عدالت کی ہدایت کے باوجود ٹسٹ کے معاملے میں تساہل سے کام لیا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ہاسپٹلس میں فوت ہونے والوں کی میتوں کا کورونا ٹسٹ کرنے سے متعلق ہدایات پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ کورونا ٹسٹ کے مسئلہ پر عدالت کی ہدایات کو نظرانداز کرنے پر ہائی کورٹ نے حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ عدالت نے دھمکی دی کہ اگر ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا تو محکمہ صحت کے عہدیداروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ ہیلتھ، ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ کو ذمہ دار قراردینے کی دھمکی دی گئی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ نے جو احکامات دیئے تھے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے اور سماعت باقی ہے۔ ہائی کورٹ نے اس مرحلہ پر واضح کیا کہ سپریم کورٹ میں سماعت تک ہائی کورٹ کے احکامات پر بہرصورت عمل کیا جانا چاہئے۔ عدالت نے کہا کہ عوام کا کورونا رانڈم ٹسٹ کرنے میں بھی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ عدالت نے کہا کہ حفاظتی کٹس اور دیگر آلات کی عدم سربراہی کے نتیجہ میں ڈاکٹرس کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔ ہائی کورٹ نے انتباہ دیا کہ اگر کورونا کیسس سے متعلق میڈیا بولٹن میں غلط اعداد و شمار پیش کئے گئے تو عدالت کارروائی کرے گی۔ ججس نے کہا کہ حقیقی تعداد سے عوام کو واقف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ عوام کو کورونا کی سنگینی سے واقف کرایا جانا چاہئے۔ ہائی کورٹ نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ 17 جون تک تفصیلی حلف نامہ داخل کرے۔ ہائی کورٹ نے اس رائے کا اظہار کیا کہ کورونا سے متعلق اعداد و شمار چھپانے سے واقعات میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔ حکومت کی جانب سے کورونا کیسس کی تفصیلات حقیقی معنوں میں پیش نہ کیئے جانے کی شکایت کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی جس کی سماعت ہوئی۔ حکومت کو عدالت نے تجویز پیش کی کہ کورونا کیسوں کے اعداد و شمار اخبارات اور ویب سائٹ کے ذریعہ عوام تک پیش کئے جائیں۔ دن بہ دن کورونا کی سنگینی میں اضافہ ہورہا ہے لہٰذا عوام میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر سے واقف کراتے ہوئے کیسس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت 18 جون کو مقرر کی گئی ہے۔