ہریانہ میں متنازعہ رکن اسمبلی کی تائید نہ لی جائے : اوما بھارتی

   

نئی دہلی 25 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کی نائب صدر اوما بھارتی نے آج پارٹی سے کہا کہ ہریانہ میں حکومت تشکیل دینے کیلئے متنازعہ رکن اسمبلی گوپال کاندا کی مدد نہ لی جائے ۔ ان پر ایک خاتون اور اس کی والدہ کو خود کشی کیلئے مجبور کرنے کا الزام ہے ۔ اپنے ٹوئیٹس میں اوما بھارتی نے کہا کہ وہ بی جے پی سے درخواست کرینگی کہ وہ اپنے اخلاقی مشن کو نہ بھولے اور ان افراد کی تائید حاصل کی جائے جو پاک صاف کردار رکھتے ہوں۔ اوما بھارتی نے کہا کہ گوپال کاندا مجرم ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت کریگی لیکن اس کی بنیاد پر انہیں اس بنیاد پر اس جرم سے بری نہیں کیا جاسکتا کہ وہ الیکشن جیت چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقینی طور پر ہریانہ میں حکومت بنانی چاہئے لیکن ان افراد کی مدد لی جانی چاہئے جو اچھے کردار والے ہوں۔