ہریش راؤ کا نرملا سیتارامن کو مکتوب ریاست کو وصول طلب فنڈز جاری کرنے کی اپیل

   

نیتی آیوگ، 14 ویں اور 15 ویں فینانس کمیشنوں کی سفارشات کا حوالہ دیا

حیدرآباد ۔ 19 فبروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے مرکزی وزیرفینانس نرملا سیتارامن کو پھر ایک مرتبہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست کو وصول طلب گرانٹس کو فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ ماضی میں کی گئی نمائندگیوں کا دوبارہ حوالہ دیا۔ تقسیم آندھراپردیش قانون کے (2)94 کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مختص کردہ فنڈس کے 2 سالہ بقایا جات 900 کروڑ روپئے جاری کرنے اور ان گرانٹس کو مزید 5 سال توسیع دینے نیتی آیوگ کی سفارش کردہ 24,205 کروڑ روپئے بھی جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقامی اداروں کو 817.61 کروڑ دیہی علاقوں کے اداروں کو 315.32 کروڑ شہری مقامی اداروں کو 502.29 کروڑ روپئے جاری کرنے کی 14 ویں فینانس کمیشن نے سفارش کی تھی، جس کو مرکزی حکومت نے مسترد کردیا ہے۔ ریاست کی جانب سے تمام شرائط کی تکمیل کے باوجود بغیر کسی وجہ کے گرانٹس کو مسترد کردیا گیا ہے۔ سال 2019-20ء کی بہ نسبت سال 2020-21ء میں ریاست کی ٹیکس حصہ داری کو گھٹادیا گیا ہے۔ لہٰذا تلنگانہ کو 723 کروڑ روپئے کا خصوصی گرانٹس جاری کرنے کی 15 ویں فینانس کمیشن نے سفارش کی ہے۔ ہریش راؤ نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ ماضی میں کبھی بھی فینانس کمیشن کی سفارشات کو مسترد کرنے کی روایت نہیں رہی ہے۔ ریاست میں عمل کئے جانے والے مرکزی اسکیمات کے فنڈز 2014-15ء میں غلطی سے آندھراپردیش کو چلے گئے جس سے تلنگانہ 495.20 کروڑ روپئے کی رقم سے محروم ہوگیا۔ اس معاملے میں حکومت آندھراپردیش کے علاوہ اکاؤنٹنٹ جنرل سے بھی نمائندگی کرنے کے باوجود ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوا ہے اس کو بھی فوری جاری کرنے کی بار بار مرکز سے نمائندگی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ زیرالتواء 210 کروڑ آئی جی ایس ٹی بھی فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ن