آرمور ۔19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرمی کے پیش نظر پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور ہر رہائشی علاقے تک محفوظ و صاف پانی پہنچانے کیلئے مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے متعلقہ عہدیداروں کو دی۔ آرمور منڈل پریشد دفتر میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں انہوں نے آرمور حلقہ کے تحت آنے والے ڈونکیشور، نندی پیٹ، ماکلور، آلور اور آرمور منڈلوں کے ایم پی ڈی اوز، آر ڈبلیو ایس اے ایز، ایم پی اوز، میونسپل کمشنر اور دیگر عہدیداروں کیساتھ پانی کی سربراہی کے نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔کلکٹر نے سختی سے واضح کیا کہ اگر کسی مقام پر پینے کے پانی کے مسئلہ پر عوام احتجاج کریں تو متعلقہ ایم پی ڈی او کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ تمام محکمے باہمی تال میل کے ساتھ ہر گاؤں اور میونسپل وارڈ میں عوامی ضرورت کے مطابق پانی کی مکمل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں سب کلکٹر آرمور ابھگیاں مالویہ، زیڈ پی سی ای او سایا گوڑ، ڈی آر ڈی او سائی انا، آر ڈبلیو ایس ایس ای راجندر، ڈی پی او سرینواس راؤ، میونسپل کمشنر اوما مہیشور، مشن بھگیرتھا ای ای راکیش اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔