عہدیداروں کو ریاستی وزیرکی ہدایت ، کاماریڈی میں جائزہ اجلاس سے خطاب
کاماریڈی۔28 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کاماریڈی کے کلکٹریٹ میں ضلع انچارج وزیر دنسری انسویا سیتکّا کی صدارت میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریاستی مشیر محمد علی شبیر، ظہیرآباد کے رکن پارلیمنٹ سریش کمار شیٹکر، ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان سمیت دیگر عہدیداروں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں پینے کے پانی کی فراہمی، آبپاشی کی صورتحال، سیول سپلائز، اندرامّا ہاؤسنگ، شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی اقدامات اور حکومت کی جانب سے جاری 99 فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ریاستی وزیر سیتکّا نے اس موقع پر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کاماریڈی ضلع کو ریاست میں مثالی مقام دلانے کے لیے مربوط انداز میں کام کیا جائے، خاص طور پر گرمی کے موسم میں عوامی صحت پر خصوصی توجہ دینے، ہر گاؤں میں پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور آبپاشی کی ضروریات بروقت پوری کرنے پر زور دیا، انہوں نے اندرامّا مکانات کی تعمیر میں تاخیر برداشت نہ کرنے اور تمام مستحقین تک اس کا فائدہ پہنچانے کی ہدایت دی۔ریاستی مشیر محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت کاماریڈی ضلع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور تمام محکمہ جات باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں تو ضلع ریاست میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔رکن پارلیمنٹ سریش کمار شیٹکر نے پینے کے پانی اور آبپاشی منصوبوں کی بہتر عمل آوری کے ذریعے کسانوں کو راحت پہنچانے اور اندرامّا ہاؤسنگ کی تکمیل کے لیے سخت نگرانی کو ضروری قرار دیا، اجلاس میں موجود عہدیداروں اور عوامی نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ضلع کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔