ہماچل پردیش کے گورنردتاتریہ کی حلف برداری

,

   

شملہ راج بھون میں پُراثر تقریب، گارڈ آف آنر کی پیشکشی
شملہ ۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز)سابق مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ نے شملہ کے راج بھون میں ہماچل پردیش کے 27 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف لیا۔ریاستی ہائی کورٹ کے جسٹس دھرم چند چودھری نے انہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر اور ان کی شریک حیات وسنتا بھی موجود تھیں۔ گورنر دتاتریہ کو اس موقع پر پُراثر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر سریکانت بالدی نے تقرر کا حکمنامہ پڑھا۔ گورنر کے سکریٹری راکیش کنور نے چارج سرٹیفکیٹ پر گورنر کی دستخط حاصل کی۔ اس موقع پرریاستی اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر راجیو بنڈال، سابق چیف منسٹرس ویر بھدر سنگھ اور پریم کمار دومل، مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی اور دیگر قومی و ریاستی قائدین موجود تھے۔ بنڈارو دتاتریہ نے حلف برداری کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہماچل پردیش ایشور کی دھرتی کی حیثیت سے معروف ہے اور ویر بھومی کی حیثیت سے اس کی شناخت کی جاتی ہے۔ ہماچل پردیش کے اعلیٰ روایات ہیں ، وہ ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے۔ہمالیائی پہاڑیوں کے دامن میں فطرت سے کافی قرب رکھنے والی اس ریاست میں بحیثیت گورنر خدمات انجام دہی کے موقع کو میں اپنے لئے خصوصی مراعات تصور کرتا ہوں۔‘‘