ہندوستانی دستور میں مساوات و آزادی

   

ایفلو میں یوم آئین ، وائس چانسلر ای سریش کمار کا خطاب
حیدرآباد۔27 نومبر(سیاست نیوز) انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر ’یوم آئین ‘ کا اہتمام کیا گیا اور پروگرام کے دوران وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ای سریش کمار کے علاوہ تدریسی ‘ غیر تدریسی عملہ کے علاوہ طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ ایفلو میں منعقدہ اس یوم آئین کے دوران وائس چانسلر مسٹر ای سریش کمار نے شرکاء کو دستور ہند کی تمہید کے سلسلہ میں تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے دستور میں ہندستانی شہریوں کو فراہم کئے جانے والے بنیادی حقوق کے علاوہ انہیں دی گئی آزادی کے دلائل پیش کئے اور کہا کہ دستور ہند کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ایفلو میں یوم آئین کا انعقاد ملک کے دستور کے تحت اپنا احترام واضح کرنا ہے۔شرکاء نے پارلیمنٹ میں ’’ یوم آئین‘‘ کی تقریب کا راست مشاہدہ کیا اور شرکاء کو صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کی تقاریر کے مشاہدہ کا موقع فراہم کیا گیا۔ پارلیمنٹ سنٹرل ہال میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں کی جانے والی تقاریر اور اس پر ایفلو کے طلبہ اور تدریسی عملہ نے ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ دستور سازی کرنے والوں نے جو دستور ہندستانی شہریوں کیلئے تیار کیا ہے وہ سب کو مساوی حقوق اور آزادی فراہم کرتا ہے لیکن دستورسازی کرنے والوں نے دستور کی روح کی حفاظت کی ذمہ داری بھی ہر شہری کے حوالہ کی ہے اس بات پر غور کیا جانا چاہئے۔انگلش اینڈ فارن لینگویج یونیورسٹی کی جانب سے منعقد کئے گئے اس پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکاء کی موجودگی دستور سے شہریوں کی دلچسپی کو عیاں کرتی ہے۔