ہندوستانی نشانے باز مایوس کن مظاہروں کے بعد خالی ہاتھ وطن واپس

   

ٹوکیو : ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستانی میڈلس کی امیدوں کے محور میں قومی تیر انداز میں شامل تھے لیکن انہوں نے امیدوں کے عین برعکس کروڑہا شایقین کو مایوس کیا ہے کیونکہ تیراندازی کے مقابلوں میں ان کی کامیابیاں ناکامیوں سے کم ہی رہیں حالانکہ اس زمرہ میں ملک کو ایک سے زائد میڈل کی امید تھی لیکن تمام تیرانداز ٹوکیو اولمپکس میں سیاح ثابت ہوئے اور وہ ایک خوشگوار سفر کے بعد خالی ہاتھ واپس لوٹ رہے ہیں ۔ عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز دیپیکا کماری جن سے میڈل کی امید تھی لیکن وہ میڈل حاصل کرنے میں ناکام رہی تاہم انفرادی مظاہروں میں کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی وہ پہلی ہندوستانی تیرانداز ثابت ہوئیں ۔ علاوہ ازیں مہاراشٹرا کی قحط سالی کے علاقہ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نوجوان پروین جادھو جو پہلی مرتبہ اولمپکس میں شرکت کررہے تھے انہوں نے کسی قدر اپنی امیدوں کو برقرار رکھا تاہم دوسرے مرحلہ میں انہیں عالمی نمبر 1 براڈی الیسن کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ۔ مزدور کے بیٹے ہونے کے باوجود پروین نے اولمپکس تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اپنے لئے ایک بڑا کارنامہ انجام دیا ۔ علاوہ ازیں اتانو داس نے اولمپکس میں ’’ اوہ‘‘ کا لمحہ دینے کے سواء امیدوں کے مطابق کوئی مظاہرہ نہیں کیا ۔ اتانو کو سابق اولمپک اور عالمی چمپئین جن ہیک کے خلاف پری کوارٹر فائنلس مقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی ۔ علاوہ ازیں 5 مرتبہ اولمپکس میں شرکت کرنے والے تھاکارو فرو کاوا بھی اس مرتبہ خالی ہاتھ ہی وطن لوٹ گئے ۔ تیر اندازی میں سب سے مایوس کن مظاہرہ میاں بیوی دیپیکا کماری اور اتانو داس کا رہا ۔ میاں بیوی کی یہ جوڑی دباؤ کے لمحات سے بھی باہر نہ آپائی حالانکہ دونوں کے درمیان 5 اولمپکس کا تجربہ موجود ہے ۔ مجموعی طور پر ہندوستانی نشانہ بازوں کی کہانی ’’ کوریا ۔ فوبیا ‘‘ پر ختم ہوئی کیونکہ جس نشانہ باز سے بھی ہندوستان کو میڈل کی امید تھی اسے کوریائی کھلاڑیوں کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ۔ دیپیکا جو کہ تیر اندازی پہلے مقام پر فائز تھی انہیں بھی کوریائی کھلاڑی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ۔ دیپیکا نے حالانکہ رواں برس 5 ورلڈ کپ میڈلس حاصل کئے تھے لیکن ان کا انتہائی مایوس کن مظاہرہ 20 سالہ کوریائی کھلاڑی آنسن کے خلاف تھا۔ آنسن کے خلاف دیپیکا کو صرف 6 منٹوں میں شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ 20 سالہ کوریائی کھلاڑی نے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ مکسڈ ٹیم کے کوارٹر فائنل میں بھی دیپیکا کے مظاہرے معذرت خواہی کے ہی مظہر رہے اور وہ 10 رنگ کے ایوینٹ میں ناکام رہی ۔ اس کے بعد ساری امیدیں دیپیکا اور اتانو کی جوڑی سے وابستہ ہوگئی تھیں لیکن میاں بیوی کی اس جوڑی نے بھی ہندوستان کو میڈل نہیں دلایا ۔ سابق عالمی چمپئین ڈولا بنرجی بھی ہندوستان کو صرف مایوسی ہی دے پائے ہیں ۔