نئی دہلی 28 اگست (یواین آئی) ہندوستان اور سعودی عرب نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان جمعرات کو یہاں دفاعی تعاون کی مشترکہ کمیٹی کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا۔ میٹنگ کی صدارت وزارت دفاع کے جوائنٹ سکریٹری امیتابھ پرساد نے ہندوستان سے اور جنرل سعد محمد ایچ الکتری نے سعودی عرب سے کی۔ دونوں فریق نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور گزشتہ مذاکرات کے دوران کئے گئے بیشتر اہم فیصلوں پر عملدرآمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ دونوں نے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے مقصد سے تربیتی تعاون، صنعتی شراکت داری، بحری تعاون اور فوجی مشقوں جیسے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں تربیتی صلاحیتوں اور ضروریات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔