نئی دہلی۔ 27 مئی (یو این آئی) ویتنام کے دا نانگ میں منعقدہ انڈر 23 ایشیائی کشتی چیمپیئن شپ میں ہندوستان کی مردوں کی فری اسٹائل ٹیم بلا موازنہ چیمپیئن بن کر ابھری ہے ۔ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور چیمپیئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔ فری اسٹائل رینکنگ میں ہندوستان کا دبدبہ رہا اور اس نے کشتی کی دنیا کے دو بڑے ممالک – کرغیزستان اور قازقستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ کرغیزستان دوسرے اور قازقستان تیسرے نمبر پر رہا۔فری اسٹائل میں ملنے والی اس تاریخی جیت کے ساتھ ہی پورے ہندوستانی دستے کی شاندار براعظمی مہم کا بھی اختتام ہو گیا۔ اس مہم کے دوران ہندوستان نے فری اسٹائل، خواتین کی کشتی اور گریکو رومن زمروں (کیٹیگریز) میں مجموعی طور پر 27 تمغے (میڈلز) حاصل کیے ، جن میں 11 سونے (گولڈ)، 7 چاندی (سلور) اور 9 کانسی (برونز) کے تمغے شامل ہیں۔چیمپیئن شپ جیتنے والی فری اسٹائل ٹیم نے اپنی مہم کا اختتام 9 تمغوں کے ساتھ کیا، جن میں 4 گولڈ، 3 سلور اور 2 برونز میڈلز شامل ہیں۔ اکشے ٹی دھیرے (57 کلوگرام) اور وکی (97 کلوگرام) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کے تمغے جیت کر مہم کا آغاز کیا۔ اس تسلسل کو کمار موہت (65 کلوگرام) اور چندر موہن (79 کلوگرام) نے آگے بڑھایا، جنہوں نے گولڈ میڈل جیت کر پوڈیم پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دیپک راٹھی (61 کلوگرام)، پنیت کمار (92 کلوگرام) اور لکی (125 کلوگرام) نے سخت مقابلے میں چاندی کے تمغے جیت کر اس تاریخی ٹیم ٹائٹل میں اپنا تعاون پیش کیا۔ وہیں، دیپک بیروال (74 کلوگرام) اور مور سچن (82 کلوگرام) نے کانسی کے تمغے جیت کر فری اسٹائل کے تمغوں کی تعداد کو مکمل کیا۔