ہندوستان دنیا کا سب سے نوجوان ملک، اتر پردیش ملک کی سب سے نوجوان ریاست ہے : یوگی

   

لکھنؤ۔ 21 نومبر (یو این آئی) ہنرمند افرادی قوت کو وکست بھارت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ اسکل انڈیا سے تربیت یافتہ نوجوان ہی 2047 کے ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی ریڑھ کی ہڈی بننے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقدہ پانچویں نیشنل اسکلز کانووکیشن میں تربیتی مراکز کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو اعزاز سے نوازنے کے موقع پر یوگی نے کہا کہ جب ملک آزادی کی صد سالہ تقریبات (2047) منا رہا ہوگا، تب ہر چہرے پر خوشحالی ہوگی۔ ہر خاتون خود کفیل بن کر سماج کی قیادت کر رہی ہوگی۔ نوجوانوں کو روزگار، کسانوں کو خود کفالت اور مزدوروں کو باعزت اجرت فراہم کرنا ہمارا مقصد ہے ۔ یوگی نے کہا کہ 2015میں وزیر اعظم نے وگیان بھون میں ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر اسکل انڈیا کی عظیم مہم کا آغاز کیا تھا۔ اس کے ذریعے دنیا کی سب سے بڑی نوجوان افرادی قوت یعنی ہندوستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرکے ان کے دلوں سے مایوسی اور ناامیدی دور کرنے کی کوشش کی گئی۔ وزیر اعظم مودی نے ہندوستانی دانشورانہ روایت کے اس قول ’ایسا کوئی شخص نہیں جو نااہل ہو، کمی صرف اسے صحیح راستہ دکھانے والے کی ہے ‘کو آگے بڑھانے کا کام کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے نوجوان ملک ہے اور اتر پردیش ہندوستان کی سب سے نوجوان ریاست ہے ۔ یہاں سب سے زیادہ نوجوان آباد ہیں۔ اتر پردیش نے 2017کے بعد وزیر اعظم کے اسکل مشن کو تیزی سے آگے بڑھایا۔ ریاست میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک پلیٹ فارم مل رہا ہے ، جس کا نتیجہ ہے کہ اتر پردیش ہنرمندی ترقی مشن کے تحت 17 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو تربیت دی گئی اور کیمپس انتخاب کے ذریعہ ہی 7 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو ملازمت دلانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دین دیال اپادھیائے دیہی ہنرمندی اسکیم کے تحت دیہی نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو رہائشی سہولت کے ساتھ تربیت دے کر 1.23 لاکھ سے زیادہ افراد کو براہ راست روزگار فراہم کرنے میں مدد کی گئی۔ جب 2020 میں پوری دنیا کورونا سے بدحال تھی، اس وقت ہندوستان قومی تعلیمی پالیسی نافذ کر رہا تھا۔ اس میں روایتی نصاب کے ساتھ ساتھ ہنرمندی کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ پروجیکٹ پروین کے ذریعہ 1700سے زیادہ ثانوی اسکولوں کے 2.50 لاکھ سے زیادہ طلبہ اس کا فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔