ہندوستان میں ایک سال کے دوران 10506 ہزار ٹن چکن میٹ کی پیداوار

   

اترپردیش، مغربی بنگال اور مہاراشٹرا سرفہرست، تلنگانہ اور آندھراپردیش میں بھی پولٹری انڈسٹری بہتر موقف میں
حیدرآباد 18 اگست (سیاست نیوز) ہندوستان کے غذائی شعبہ میں پولٹری انڈسٹری نے نمایاں رول ادا کیا ہے۔ 2024-25ء کے دوران ملک کی ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں چکن میٹ پروڈکشن کے اعداد و شمار جاری کئے گئے۔ اترپردیش چکن میٹ کی پیداوار کے معاملہ میں 1281 ہزار ٹن کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ مغربی بنگال میں 1308 ہزار ٹن چکن میٹ کی پیداوار ہوئی ہے۔ مہاراشٹرا 1214 ہزار ٹن کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں پولٹری انڈسٹری کو سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں دونوں ریاستوں میں چکن میٹ کی پیداوار قابل لحاظ درج کی گئی ہے۔ تلنگانہ میں ایک سال کے دوران 1101 ہزار ٹن چکن میٹ کی پیداوار ہوئی جبکہ آندھراپردیش میں 1138 ہزار ٹن پیداوار درج کی گئی۔ ہندوستان میں چکن میٹ کی مجموعی پیداوار میں جنوبی اور سنٹرل انڈیا کی ریاستوں کی زائد حصہ داری ہے۔ 2024-25ء میں ہندوستان میں چکن میٹ کی مجموعی پیداوار 10505 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی۔ پولٹری انڈسٹری کے فروغ کے معاملہ میں جن ریاستوں کا مظاہرہ بہتر رہا اُن میں ٹاملناڈو، کیرالا، کرناٹک، بہار، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، پنجاب اور راجستھان شامل ہیں۔ پولٹری انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم اور حالات کے لحاظ سے چکن میٹ کی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ درج کیا جاتا ہے۔ بسا اوقات مختلف بیماریوں کے سبب پولٹری انڈسٹری کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ یہی وجہ ہے کہ پولٹری انڈسٹری نے سرکاری سطح پر سرپرستی میں اضافہ کی مانگ کی ہے۔V/1/k/b