ہندوستان کا دورہ بنگلہ دیش ، 5 مقابلوں کی ٹی 20 سیریز

   

ڈھاکہ۔ ہندوستان 28 اپریل کو شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کرے گا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پانچ میچوں کے دورے کا شیڈول جاری کیا۔ ٹیمیں 28 اپریل سے 9 مئی کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلیں گی جس کے تمام میچ سلہٹ میں ہونے والے ہیں۔ پانچ میں سے تین میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے جو سلہٹ کے مرکزی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ باقی دو دن کے کھیل بیرونی مقام پر ہونے والے ہیں۔ یہ سیریز دونوں ٹیموں کو اس سال کے آخر میں بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی تیاریوں میں مدد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ہندوستان نے آخری بار جولائی 2023 میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا، جب اس نے تین ٹی20 مقابلے کھیلے تھے، اس کے بعد تین آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ ونڈے کھیلے تھے۔ جبکہ ہندوستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-1 سے جیت حاصل کی تھی اور ونڈے سیریز برابری پر ختم ہوئی تھی۔ بنگلہ دیش نے ویمنز ونڈے میں ہندوستان کے خلاف سیریز کا پہلا میچ جیت کر اپنی پہلی فتح درج کی لیکن ہندوستان نے اگلے گیم میں واپسی کی، جس کے نتیجے میں سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ ہوا جو ٹائی پر ختم ہوا۔