ہندوستان کو سیریز میں شکست

   

ہندوستان کو سیریز میں شکست
٭ لی ،لورا اور لارا کی نصف سنچریاں
٭ جنوبی آفریقہ نے 267 رنز کا
کامیاب تعاقب کیا
٭ سیریز میں 3-1 کی سبقت

لکھنؤ : جنوبی آفریقی خاتون ٹیم نے چوتھے ونڈے میں ہندوستانی ٹیم کو شکست دیتے ہوئے پانچ مقابلوں کی سیریز میں 3-1 ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی ہے جبکہ پانچواں مقابلہ ہنوز باقی ہے جس سے سیریز کے فیصلہ پر اب اثر نہیں ہوگا ۔ 267 رنز کے تعاقب میں پہلے ونڈے میں ریکارڈ سنچری پارٹنر شپ نبھانی والی اوپنرس لیزی لیلی (69) ، لورا وال وارڈ (53) ، میگنان ڈوفریز (61) اور لارا گوڈال ( ناقابل تسخیر 59 ) نے ٹاپ آرڈر میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کیلئے ایک مشکل نشانہ کو آسان کردیا ۔ نیتو ڈیوڈ کی صدارت میں نئی سلکشن کمیٹی کی جانب سے ٹیم کے ناقص انتخاب نے میزبان ٹیم کو خمیازہ بھگتنے پر مجبور کیا کیونکہ ٹیم میں بیٹنگ شعبہ میں شفالی ورما اور بولنگ شعبہ میں تجربہ کار شیکھا پانڈے کو نظرانداز کرنے کا نقصان برداست کرنا پڑا ۔ اس مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کیلئے قابل اطمینان پہلو پونم راوت کی تیسری ونڈے سنچری ہے اس کے علاوہ ہرمن پریت کور کی 35 گیندوں میں 54 رنز کی اننگز قابل ذکر ہے لیکن یہ کوشش رائیگاں گئی ۔ جنوبی آفریقہ ٹیم نشانہ کے تعاقب میں ابتداء کے 23 اوورس میں گرفت مضبوط کرلی تھی جیسا کہ لی اور کپتان لورا نے پہلی وکٹ کیلئے 116 رنز اسکور کردیئے تھے ۔ دونوں کھلاڑیوں نے احتیاط اور جارحانہ بیٹنگ کا بہترین مظاہرہ کیا ۔ لورا کو اس وقت ایک زندگی ملی جب سشما ورما نے انہیں اسٹمپ آؤٹ کرنے کا موقع گنوایا جس کے فوری بعد اگلی ہی گیند پر انہوں نے باہر نکلتے ہوئے شاندار باؤنڈری لگائی ۔ علاوہ ازیں انہوں نے آف اسپنر دپتی شرما کی جانب سے کمر کی اونچائی تک پھینکی جانے والی فل ٹاس گیند کو کور باؤنڈری کے باہر پہنچایا ۔ ٹاپ آرڈر میں لی لورا اور دیگر دو کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کی تاہم کوئی بھی کھلاڑی سنچری نہیں بنا پائی لیکن اس کے باوجود ٹیم نے 48.4 اوورس میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز اسکور کئے ۔ مقابلہ میں بہترین مظاہرہ کرنے والی ڈوفریس کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ۔ کیونکہ انہوں نے 55 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز رفتار 61 رنز اسکور کئے ۔ ہندوستان کیلئے مانسی جوشی نے 43 ، راجیشوری گیاکوراڈ نے 39 اور ہرمن پیت کور نے 38 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ قبل ازیں پونم راوت نے ونڈے کیرئیر میں اپنی تیسری سنچری ناقابل تسخیر 104 رنز کی شکل میں بنائے جس کیلئے انہوں نے 123 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 چوکے لگائے ۔ کپتان میتھالی راج جنہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی اوراس دوران ونڈے کیرئیر کے 7 ہزار رنز بھی مکمل کرلئے ہیں ۔ میتھالی نے 71 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے یہ رنز بنائے ۔ جنوبی آفریقہ کیلئے تومی سیکو کھونے نے 63 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے ۔ یاد رہے پہلے ونڈے میں جہاں جنوبی آفریقہ نے کامیابی حاصل کی تھی وہیں دوسرے مقابلے میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز کو 1-1 سے برابر کردیا تھا ۔