دوحہ، 3 جون (یواین آئی ) جب فیفا ورلڈ کپ کا آغاز ہوتا ہے تو ہندوستانی ریاست کیرالہ کا رنگ ہی بدل جاتا ہے ۔ ارجنٹینا، برازیل اور پرتگال کے بڑے بڑے کٹ آؤٹس اور جھنڈوں سے سجنے والی اس ریاست کے فٹبال شائقین کے لیے اس بارجشن منانے کی ایک اور بڑی اور تاریخی وجہ سامنے آئی ہے ۔19سالہ نوجوان فٹبالر تحسین محمد جمشید کو قطرکے ہیڈ کوچ جولین لوپیٹیگوئی نے فیفا ورلڈکپ2026 کے لیے قطر کے 26 رکنی حتمی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے ۔اگر تحسین محمد کو میدان میں اترنے کا موقع ملتا ہے ، تو وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں کھیلنے والے پہلے ملایالی اور ہند نژاد فٹبالر بن کر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے ۔ تحسین محمد دوحہ میں پیدا ہوئے اور وہیں پلے بڑھے ، لیکن ان کے خاندان کی جڑیں کیرالہ کے ضلع کنور سے جڑی ہیں۔ ان کے والد جمشید کا تعلق تھلیسری سے ہے جبکہ ان کی والدہ شائما والاپٹنم کی رہنے والی ہیں۔ ان کا خاندان 1996میں قطر منتقل ہوا تھا۔ تحسین کے والد جمشید خود اپنے وقت کے ایک بہترین فٹبالر رہے ہیں جنہوں نے کالی کٹ یونیورسٹی کی نمائندگی کی اور کیرالہ کے لیے سنتوش ٹرافی بھی کھیلی۔ انہوں نے تحسین کے فٹبالر بننے کے سفر میں اہم کردار ادا کیا۔ تحسین نے قطرکی مشہور اسپائر اکیڈمی سے تربیت حاصل کی، جس نے قطر فٹبال کو کئی بڑے اسٹارز دیے ہیں۔ تحسین نے قطرکی ٹاپ ڈویژن لیگ میں مشہورکلب الدحیل کی طرف سے کھیل کر پہلے ہی تاریخ رقم کردی تھی، جہاں وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے ہند نژاد کھلاڑی بنے ۔ تحسین بنیادی طور پر بائیں فلینک پر ایک ونگرکے طور پر کھیلتے ہیں۔ وہ اپنی تیز رفتاری، بہترین ڈرِبلنگ اور حریف ڈیفنڈرزکو چکما دینے کی مہارت کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے قطرکی انڈر17اور انڈر19ٹیموں کی نمائندگی کی اور سینئر ٹیم کے لیے اپنا ڈیبیو افغانستان کے خلاف ورلڈکپ کوالیفائر میچ میں کیا۔ حال ہی میں سانتا باربرا میں سخت تربیتی کیمپ کے دوران اپنی کارکردگی سے انہوں نے ہیڈ کوچ کو متاثرکیا اور ورلڈکپ کا ٹکٹ پایا۔ فیفا ورلڈکپ 2026 (امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو) میں قطرکا سفر آسان نہیں ہوگا۔ تحسین کی ٹیم کا مقابلہ گروپ مرحلے میں میزبان کینیڈا، سوئٹزرلینڈ اور بوسنیا جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوگا۔ تحسین محمد کے علاوہ، 26 رکنی ورلڈکپ اسکواڈ میں میلبرن وکٹری کے 25 سالہ ونگر نشان ویلوپیلے کو بھی شامل کیا گیا ہے ، جن کا تعلق کیرالہ کی پڑوسی ریاست تمل ناڈو سے ہے ۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ تحسین اور نشان میں سے کون سا کھلاڑی پہلے ورلڈ کپ ڈیبیو کر کے تاریخ بدلتا ہے ۔