ہندوپاک میں اب تعلیمی ڈگریوں کا تنازعہ

   

اسلام آباد : پاکستان نے ہندوستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے پاکستان کے سفر سے روکنے کی مذمت کی ہے۔ ہندوستان نے کہا تھا کہ پاکستانی ڈگریاں نہ تو تسلیم کی جائیں گی اور نہ ہی ان کی بنیاد پر ملازمتیں مل سکیں گی۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ،”یہ افسوسناک ہے کہ ہندوستانی حکومت پاکستان دشمنی کے لاعلاج جنون کی وجہ سے طلبہ کو اپنی پسند کی معیاری تعلیم حاصل کرنے سے روکنے کے لیے بے دریغ مجبور کررہی ہے۔‘‘بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے سرکاری ادارے یونیورسٹی گرانٹس کمیشناورآل انڈیا کونسل برائے تکنیکی تعلیم کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے حوالے سے ہندوستان سے وضاحت طلب کی گئی ہے اور”پاکستان ہندوستان کے اس کھلم کھْلا جانبداری اور ناقابل بیان اقدام کے جواب میں مناسب اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔