ہندو راشٹر کی تشکیل بی جے پی کا خواب: ہنمنت رائو

   

وبائی امراض پر اسد اویسی خاموش کیوں؟ یورینیم کی کھدائی کے خلاف 16 ستمبر کو کل جماعتی اجلاس

حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت رائو نے کہا کہ ہندو راشٹر کی تشکیل کا بی جے پی اور آر ایس ایس کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ ہندوستان کثرت میں وحدت کی عظیم مثال ہے جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے باہم شیر وشکر زندگی بسر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کل حیدرآباد میں گنیش وسرجن جلوس کے موقع پر ہندو راشٹر کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کبھی بھی ہندو راشٹر نہیں بن سکتا۔ یہ ملک مسلمانوں، ہندوئوں، عیسائی، سکھ اور دیگر طبقات کا ہے۔ مہاتما گاندھی نے اسے سکیولر ہندوستان کے طور پر قائم کیا ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس دستور میں تبدیلی اور اپنی نفرت انگیز پالیسیوں کے ذریعہ ہندوستان کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کبھی بھی ہندو راشٹر نہیں بن سکتا اور بی جے پی کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔ ملک کی آزادی کے لیے تمام طبقات نے یکساں طور پر قربانیاں دی ہیں۔ ہنمنت رائو نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کے بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے کانگریس کارکنوں اور قائدین کو گھر گھر پہنچ کر حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کے 10 سالہ دور حکومت میں فلاح و بہبود کے جو قدم اٹھائے گئے تھے ان سے عوام کو واقف کیا جانا چاہئے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں بی جے پی نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی گئی۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ کانگریس سکیولرازم پر اٹوٹ ایقان رکھتی ہے اور وہ بی جے پی کی نفرت اور پھوٹ ڈالنے والی سیاست کا مقابلہ کرے گی۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ تلنگانہ میں ایک طرف عوام وبائی امراض سے پریشان ہیں تو دوسری طرف یورینیم کی کھدائی کے ذریعہ حیدرآباد کو سربراہ کیے جانے والے پانی کو آلودہ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے صدر مجلس اسد الویسی سے مطالبہ کیا کہ وہ بیان بازی بند کریں اور کے سی آر حکومت کو یورینیم کے لیے کھدائی بند کرنے اور سرکاری دواخانے میں طبی خدمات بہتر بنانے کے لیے دبائو ڈالیں۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ ریاست میں ڈینگو اور دیگر وبائی امراض سے لوگ پریشان ہیں لیکن اسد اویسی نے کبھی بھی ان مسائل پر آواز نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس اور ٹی آر ایس آپس میں حلیف جماعتیں ہیں اور پرانے شہر کے نمائندے کی حیثیت سے اسد اویسی کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔ ہنمنت رائو نے بتایا کہ وہ ملاقات کرتے ہوئے اسد اویسی کو مذکورہ مسائل پر حکومت سے نمائندگی کی خواہش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 16 ستمبر کو یورینیم کی کھدائی کے مسئلہ پر کل جماعتی اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، جناسینا کے صدر پون کلیان، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری پی ویرابھدرم، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور تلگودیشم کے صدر ایل رمنا کے علاوہ پروفیسر کے ناگیشور رائو، پروفیسر کودنڈارام، سی ایچ سدھاکر، پروفیسر پرشوتم، پروفیسر آنند رائو اور دیگر ماہرین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یورینیم کی کھدائی سے حیدرآباد کو سربراہ کیا جانے والے پانی آلودگی کا شکار ہوگیا جس سے عوام امراض گردہ اور کینسر کا شکار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی اجلاس کے بعد اس مسئلہ کو عوام سے رجوع کیا جائے گا۔