نئی دہلی، 21 نومبر (یواین آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان اور بلغاریہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت ، خلائی شعبے ، سیاحت اور عوامی آمد و رفت جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے ۔ ڈاکٹر جے شنکر نے ہندوستان کے دورہ پر آئی بلغاریہ کی وزیر خارجہ ویلیسلاوا پیٹرووا چامووا کے ساتھ باہمی بات چیت میں کہا کہ دونوں ممالک کی ٹیموں نے تعاون کا ایک جامع روڈ میپ تیار کیا ہے ، جسے اس ملاقات میں منظوری دی جائے گی۔ وزیر خارجہ نے بلغاریہ کے وفد کا ہندوستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے کے بعد ہونے والا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور مستقبل میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کا موقع ہے ۔ انہوں نے رواں سال جون میں صوفیہ کے اپنے دورہ کو یاد کرکے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی توانائی ملی تھی۔ ڈاکٹر جے شنکر نے بحیرہ اسود میں حملوں کا نشانہ بننے والے جہازوں پر سوار ہندوستانی ملاحوں کو بحفاظت واپس لانے اور زخمی ملاحوں کی دیکھ بھال میں بلغاریہ کی حکومت کے تعاون کیلئے بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات بھی مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس عمل میں بلغاریہ کی حمایت کیلئے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزادانہ تجارت کا معاہدہ جلد نافذ ہونے سے دونوں فریقوں کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی اور افرادی صلاحیت کے شعبوں میں تعاون کو نئی رفتار ملے گی۔