ہیروکی طرح بال مت بنا، تم اداکار ہو، شاہ رخ کا نانا پاٹیکر کو خراج

   

ممبئی، 8 اکتوبر (آئی اے این ایس) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے سینئر اداکار نانا پاٹیکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان سے اپنی پہلی ملاقات کی یادیں تازہ کی ہیں۔ شاہ رخ خان نے بتایا کہ پہلی ملاقات کے دوران وہ انتہائی گھبرائے ہوئے تھے اور بے چینی میں بار بار اپنے بالوں کو سدھاررہے تھے۔ نانا پاٹیکر نے ان کا ہاتھ ہٹاتے ہوئے کہا تھا، ہیرو کی طرح بال مت بنا، تم اداکار ہو۔شاہ رخ خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ نانا پاٹیکرکبھی کسی کی خوشامد نہیں کرتے تھے اور نہ ہی وہ بات کہتے تھے جوکوئی سننا چاہتا ہو، بلکہ وہ وہی کہتے تھے جو سننا ضروری ہوتا تھا۔ ان کے مطابق نانا بے تکلف، سخت مزاج اور بے حد سچے انسان تھے، جن کی مسکراہٹ بے حد خوبصورت تھی۔شاہ رخ نے نانا پاٹیکر کے محبت جتانے کے منفرد اندازکو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ڈانٹتے تھے اورکبھی کبھی تیسری یا چوتھی سخت بات کے دوران احساس ہوتا تھا کہ وہ دراصل گلے لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نانا ان سے محبت کرتے تھے اور وہ بھی ان سے بے حد محبت کرتے تھے۔ نانا ان کے لیے ایک استاد، رہنما، نقاد اور دوست کی حیثیت رکھتے تھے۔ وہ کیرم کھیلنے میں بھی کمال مہارت رکھتے تھے اور شاہ رخ سمیت اپنے آس پاس موجود ہر شخص کو بار بار شکست دے کر اپنی کامیابی سے خوب لطف اندوز ہوتے تھے۔ نانا پاٹیکرکی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ کاش انہیں سینئر اداکارکے ساتھ مزید گفتگو کرنے، ایک اورکپ چائے پینے اورکیرم کی ایک اور بازی کھیلنے کا موقع ملتا۔انہوں نے کہا کہ نانا کے جانے سے صرف فلمی دنیا ہی نہیں بلکہ ہندوستانیوں اور دنیا بھرکے لوگوں کے دلوں میں بھی ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔ شاہ رخ نے نانا کی وہ نصیحت بھی یاد کی جو وہ ہمیشہ اپنے دل میں محفوظ رکھیں گے، ’’ہیرو بننے کے چکر میں اداکار مت کھونا۔ انہوں نے نانا کو بے مثال اداکار اور ناقابل شکست کیرم چمپئن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں ہمیشہ یاد کریں گے۔ شاہ رخ خان اور نانا پاٹیکر نے1992 میں ریلیز ہونے والی فلم ’راجو بن گیا جینٹل مین‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔