یلاریڈی میں کوویڈ ضابطہ کے ساتھ اسکولوں کا آغاز

   

یلاریڈی ۔ کافی دنوں کے بعد کوویڈ ضابطہ اخلاق کے ساتھ یلاریڈی ڈیویژن میں دوبارہ تمام اسکولوں کی کشادگی عمل میں آئی ۔ چھٹویں ، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کا آغاز کردیا گیا ۔ سرکاری و خانگی تمام اسکولوں کو سانیٹائزر کرتے ہوئے طلباء کا تھرمل اسکریننگ کرکے کمرہ جماعتوں میں داخلہ کی اجازت دیجارہی ہے اور تمام جماعتوں میں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ماسک و سانیٹائزر کا استعمال لازمی رکھا گیا ہے ۔ کچھ اسکولوں میں ماسک نہ لگاکر آنے والے طلباء کو واپس بھیج دیا گیا ۔ منڈل لنگم پیٹ مستقر کے بوائز ہائی اسکول میناریٹی اقامتی اسکول میں طلباء کا ڈاکٹر ثمینہ محمد نے کورورنا ٹسٹ کیا ۔ اس موقع پر عملہ میں یادگیری ، رمیش ، بھاگیہ لکشمی ، راجمنی صدر مدرس محمدعبدالوحید صدیقی اور آشاورکرس موجود تھے ۔ منڈل سداشیونگر کے مختلف اسکولوں کا ایم ای او مسٹر یوسف نے معائنہ کیا اور ضابطہ ا خلاق پر عمل آوری کی جانچ کی ۔ منڈل تاڑوائی میں بھی اپر پرائمری اسکولس ، ہائی اسکولوں میں تدریسی خدمات کا آغاز کیا گیا ۔ منڈل کے 14 اسکولوں کے 639 طلباء میں سے پہلے دن سے 206 طلباء حاضر رہے ۔ ایم ای او مسٹر راما سوامی کے مطابق خانگی اسکولوں کے 125 طلباء میں سے صرف 20 طلباء ہی حاضر رہے ۔ اس طرح ڈیویژن کے تمام منڈلوں میں سرکاری و خانگی اسکولوں کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے ۔ ایم ای او یلاریڈی مسٹر وینکٹیشم بھی مستقر کے تمام اسکولوں کو کوویڈ ضابطہ اخلاق اصولوں کے ساتھ کشادہ کرنے کا مشورہ دیا اور تمام اسکول کا انہوں نے دورہ کرکے معائنہ کیا ۔ انہوں نے اولیائے طلباء کی رضامندی سے ہی طلباء کو اسکول روانہ کرنے کی صلاح دی ۔ تدریسی خدمات سے مستفید ہونے کو کہا ۔