یلاریڈی ڈیویژن میں چیتا کی ہلچل دیہی عوام میں خوف و دہشت، محکمہ جنگلات بے فکر

   


یلاریڈی : ڈیویژن کے مختلف منڈل لنگم پیٹ، گندھاری، رام ریڈی، سداشیو نگر کے مختلف مواضعات اور تانڈوں میں خونخوار چیتا نظر آنے سے عوام میں خوف پایا جاتا ہے۔ تنہا گھروں سے نکلنا، زراعت کے کاموں میں حصہ لینے سے لوگ گھبرا رہے ہیں۔ ان منڈلوں میں چیتا کئی مرتبہ پالتو جانور بیل، بکریوں پر حملہ کرکے ہلاک کرنے کے بھی واقعات پیش آچکے ہیں۔ جنگلاتی عہدیداروں سے شکایت پر بعض جنگلاتی علاقوں میں پنجرے اور سی سی کیمرے لگائے گئے جو عوام کی حفاظت کیلئے ناکافی ہیں۔ جنگلاتی عہدیداروں کی ٹیم کے اقدامات سے مواضعات کے عوام میں مایوسی و برہمی پائی جاتی ہے۔ دو دن قبل ہی منڈل گندھاری مستقر کے قریبی کھیتوں سے چیتا لنگم پیٹ کی طرف جاتا دکھائی دینے پر کسان زرعی کاموں میں حصہ لینے سے خوفزدہ ہیں۔ منڈل لنگم پیٹ، گندھاری، سداشیو نگر، رام ریڈی حدود میں چیتا کی آئے دن ہلچل، جانوروں پر حملہ کے واقعات سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے عوام میں خوف پایا جاتا ہے۔ شام کے اوقات میں عوام کو باہر نکلنا خطرہ سے خالی نہیں ہے۔ اس کے باوجود محکمہ جنگلات کے عہدیدار مؤثر اقدامات کرنے سے قاصر ہیں۔ صرف پنجرے کی تنصیب سے خطرہ ختم نہیں ہوسکتا۔ اس کیلئے ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔ مواضعات کے عوام محکمہ کی لاپرواہی سے برہم ہیں۔ فوری چیتا کو پکڑ کر عوام کو راحت پہنچانے کا عوام مطالبہ کررہے ہیں۔