یلاریڈی ڈیویژن کے منڈلوں میں جرائم و حادثات

   

یلاریڈی ۔ 28 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل تاڑوائی مستقر پر کاماریڈی۔یلاریڈی شاہراہ پر منگل کی شام کو پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق منڈل کے ایرسہ پہاڑ سے تعلق رکھنے والا سائیلو نامی شخص اپنی بائیک گاڑی پر ایرسہ پہاڑ سے کاماریڈی جارہا تھا کہ بائیک بے قابو ہوکر سڑک کے نیچے چلے جانے سے سائیلو نیچے گرکر شدید زخمی ہوگیا ۔ اس کے ہاتھ ، پاؤں اور سر پر گہرے زخم آئے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے پہنچ کر زخمی کو 108 ایمبولینس کے ذریعہ فوری کاماریڈی دواخانہ منتقل کیا۔
٭o٭ منڈل سداشیونگر مستقر پر نامعلوم افراد نے مقفل مکان کے قفل توڑتے ہوئے سرقہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق مستقر سے تعلق رکھنے والا وینکٹیشم گھر کو قفل ڈال کر اپنے رشتہ داروں کے ہاں گیا جس کو غنیمت جان کر نامعلوم سارقوں نے قفل شکنی کرتے ہوئے سرقہ کرلیا اور الماری میں موجود آٹھ ہزار روپئے نقد رقم ، 20 تولہ چاندی کے زیور اُڑا لے گئے ۔ منڈل پولیس مقدمہ درج کرتے ہوئے سارقوں کو تلاش کررہی ہے ۔
O٭O منڈل سداشیونگر کے پرماجی واڑی چواراستہ پر مقیم 22 سالہ نرسمہا پانی پوری کی بنڈی چلاتے ہوئے اپنا گذر بسر کرہا تھا اور ان دنوں اس کے باپ کے قلب کے آپریشن کیلئے پانچ ہزار روپئے تک خرچ ہوئے تھے جس کے سبب وہ مقروض ہوگیا ، قرض داروں کے قرض کی ادائیگی سے مایوس ہوکر اُس نے اپنے ہی مکان کے پوجا والے کمرے میں پھانسی لیتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ متوفی کے باپ سریش کی شکایت پر سب انسپکٹر راجیش مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کررہے ہیں ۔
٭o٭ منڈل تاڑواتی کے کرشنا جی واڑہ علاقہ سے تعلق رکھنے والا 52 سالہ آشیا علالت سے تنگ آکر پھانسی لیتے ہوے خودکشی کرلی ۔ سب انسپکٹر انجینلو نے مزید بتایا کہ آشیا گزشتہ دو سال سے بیمار رہ رہا تھا ، بہت جگہ علاج کروانے کے بعد بھی صحت نہ ہونے پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے خودکشی کرلی ۔
O٭O منڈل سداشیونگر مستقر سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ راملو گزشتہ چند دنوں سے نشہ کا عادی ہوکر شراب نوشی کرنے لگا اور روزآنہ بیوی سے جھگڑا بھی کرتا تھا اور بیوی روزآنہ اسے سمجھاتی کہ تین بیٹیاں ہیں شراب نوشی نہ کرو لیکن یہ بیوی کی ایک نہ سنتا ۔ رات کو بھی روز کی طرح بیوی سے جھگڑا کرکے گھر سے باہر نکلا اور گرام پنچایت کے قریب درخت سے پھانسی لیتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ مقامی لوگوں نے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس نے آکر نعش کا معائنہ کیا ۔ متوفی کی بیوی جیوتی کی شکایت پر سب انسپکٹر راجیش مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کررہے ہیں ۔
٭o٭ یلاریڈی محکمہ برقی ٹرانسکو AE ستیہ نارائنا نے بتایا کہ جنگلی جانوروں سے فصلوں کو محفوظ رکھنے کی خاطر کھیتوں کو برقی تاروں سے حصار بندی نہ کرنے کا انتباہ دیا ۔ انھوں نے کہا کہ اس کے سبب نامعلوم لوگ ہلاک ہورہے ہیں ۔ اور کبھی کبھی تو خود کسان اپنے ہی کھیت میں غفلت کی وجہ سے برقی تاروں کی زد میں آنے سے ہلاک ہونے کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں ۔ اس لئے انھوں نے زراعت کی حفاظت کیلئے برقی کے تاروں کا استعمال نہ کرنے کیلئے کہا ورنہ یہ جرم ہوگا اور ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔