یلاریڈی ڈیویژن کے مواضعات میں چیتا کا خوف

   


پالتو جانوروں کے ساتھ اب انسان بھی نشانہ، محکمہ جنگلات بے بس یا بے حس ؟

یلاریڈی۔ ڈیویژن کے تمام منڈلوں کے مواضعات میں آئے دن خونخوار چیتا کا خوف بڑھتا جارہا ہے ۔ پہلے تو یہ طاقتور چیتا جنگل کا رخ کرنے والے پالتو جانوروں کو حملہ کرکے ہلاک کرکے دہشت پھیلارہا تھا اور اب یہ مختلف مقامات پر انسانوں پر بھی حملہ کررہا ہے جس سے مواضعات کی عوام خوف کے سایہ میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ تین دن قبل ہی چیتا نے یلاریڈی کے علاقہ سومارپیٹ میں ملیش نامی شخص پر حملہ کرکے زخمی کردیا تھا جس کے بعد جنگلات کے قریب والے تمام مواضعات کے عوام شام ہوتے ہی خطرہ محسوس کررہے ہیں اور اب تک مختلف مواضعات میں چیتا نے بیل، بکریوں پر حملہ کرکے ہلاک کرکے لاکھوں کی ملکیت تباہ کی ہے۔ یلاریڈی ڈیویژن کے بیشتر منڈلوں میں چیتا نے ہلچل مچائی اور عوام میں خوف کا ماحول پیدا کررکھا ہے۔11 فروری کو اعظم آباد میں کھیت کی نگرانی کرنے والے کتے پر حملہ کرکے چیتا نے ہلاک کیا اور 17 فروری کو بکری کو ہلاک کردیا اور سومار پیٹ میں ایک شخص کو بھی زخمی کردیا۔ اس طرح یلاریڈی ڈیویژن میں لنگم پیٹ ، گندھاری، سداشیو نگر، رام ریڈی، ناگی ریڈی پیٹ، یلاریڈی کے مواضعات میں راتوں کو خونخوار چیتا نے ہلچل مچا رکھی ہے اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی عدم دلچسپی کا سلسلہ ختم نہیں ہوتا جس سے عوام میں برہمی پائی جاتی ہے۔ گذشتہ تین ماہ سے چیتا مختلف مقامات پر نمودار ہوتے ہوئے خوف پیدا کررہا ہے پھر بھی آج تک محکمہ جنگلات کی طرف سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔ محکمہ جنگلات کے ضلعی ذمہ داروں کو اس تعلق سے غیر معمولی دلچسپی لینے کی ضرورت ہے ورنہ خونخوار چیتا کہیں آدم خور نہ بن جائے۔