یمن: باغیوں۔ قبائلیوں کے درمیان شدید جھڑپیں

,

   

صنعا /17 فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) یمنی صوبے حجہ کے علاقے حجور کے اطراف قبائلیوں اور باغیوں کے مابین جھڑپوں میں صوبہ عمران کے گورنر فیصل جمعان کی ہلاکت کی اطلاعات پھیل گئیں، واضح رہے کہ جمعان کو حوثی ملیشیا کی جانب سے گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ عرب ٹی وی کے مطابق جھڑپوں کے دوران صوبے کا سیکورٹی ڈائریکٹر بھی شدید زخمی ہو گیا جب کہ کئی حوثی جنگجو ہلاک ہو گئے۔ دوسری جانب حجور محاذ کے نگراں نے بتایا ہے کہ علاقہ محصور ہو چکا ہے۔ قبائلی جنگجوؤں اور حوثیوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے اور یمنی فوج کی کارروائی ابھی تک شروع نہیں ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل یمنی فوج حجہ صوبے کے بقیہ اضلاع کو حوثیوں سے واپس لینے کے لیے کئی محاذوں پر وسیع عسکری کارروائی کرے گی۔ واضح رہے کہ حوثی ملیشیا نے حجہ صوبے میں تقریباً 2 سال سے حجور کے قبائل کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ یمنی فوج کے ایک کمانڈر کے مطابق حجہ کی کارروائی کو پھیلا کر الحدیدہ صوبے تک پہنچا دیا جائے گا۔ یمنی فوج اور عرب اتحاد نے حجور کے علاقے کا محاصرہ ختم کرنے اور حجہ ضلع کو محفوظ بنانے کے لیے جمعہ کے روز کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ حجور کے علاقے پر ناکام حملے میں حوثی ملیشیا کے 25 ارکان مارے گئے۔ اْدھر حجہ صوبے کے محصور ضلع کشر میں حجور قبیلے کے افراد نے اپنے بچاؤ کے لیے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے جلد مداخلت کی اپیل کی ہے۔ علاوہ ازیں حجور کے علاقے میں زخمی شہریوں کے علاج کے لیے اسپتال فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔