یورپی یونین نے طالبان حکومت کے لئے ایک ارب یورو کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا

   

یورپی یونین نے افغانستان کے لیے ایک ارب یورو کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلہ وون ڈی لیین نے منگل کو کہا کہ افغانستان میں کسی بڑے انسانی، سماجی و معاشی بحران کو ٹالنے کے لیے ایک ارب یورو کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔یورپی کمیشن کی سربراہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یورپی یونین کی جانب سے فوری امدادی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے تین سو ملین یورو کی رقم کا اعلان کیا گیا تھا جس میں 250 ملین یورو کی اضافی امداد کا وعدہ جی ٹوئنٹی ممالک کے سربراہی اجلاس میں کیا گیا ہے۔‘بیان کے مطابق باقی کی امدادی رقم افغانستان کے ہمسایہ ممالک کو دی جائے گی جو طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان چھوڑ کر جانے والے شہریوں کو پناہ دے رہے ہیں۔ یورپی یونین کی سربراہ ارسلا وون ڈی لیین نے جی ٹوئنٹی ممالک کے سربراہی اجلاس میں ایک ارب یورو کی امدادی رقم کا وعدہ کیا ہے۔خیال رہے کہ افغانستان میں سکیورٹی اور انسانی صورتحال پر بحث کرنے کے لیے منگل کو جی ٹوئنٹی ممالک کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا تھا جس کی میزبانی اٹلی نے کی تھی۔