یوپی تھانے میں بھی خواتین محفوظ نہیں :پرینکا

   

نئی دہلی: کانگریس کی اتر پردیش کی انچارج، جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت میں بلڈوزر کے شور وغل میں لاء اینڈ آرڈر دب کر رہ گیا ہے اور خواتین تھانوں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔واڈرا نے چہارشنبہ کو کہا کہ ریاست کے للت پورمیں عصمت دری کی شکار لڑکی جب تھانے میں شکایت کرنے گئی تو وہاں کے ایس ایچ او کی جانب سے بھی اس کے ساتھ جنس زیادتی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے اسے ایک غیر انسانی واقعہ قرار دیا اور کہا کہ ریاست میں خواتین کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ ‘‘للت پور میں ایک13 سالہ بچی کی اجتماعی عصمت دری اور پھر شکایت کے سلسلے میں تھانیدار کی جانب سے عصمت دری کا واقعہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ بلڈوزر کے شوروغل میں لا اینڈر آرڈر کی حقیقی اصلاحات کو کیسے دبایا جا رہا ہے ۔ تھانے ہی محفوظ نہیں تو شکایت لے کر کہاں جائیں گے ’’۔ انہوں نے سوال کیا ‘‘کیا یوپی حکومت نے پولیس اسٹیشنوں میں خواتین کی تعیناتی کو بڑھانے ، پولیس اسٹیشنوں کو خواتین کے لیے محفوظ بنانے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچا ہے ؟ کانگریس پارٹی نے اپنے منشور میں خواتین کی حفاظت کے لیے بہت سے اہم نکات رکھے تھے ۔ اس طرح کے واقعات پر روک تھام کے لیے خواتین کے تحفظ اور خواتین دوست قوانین کے لیے سنجیدہ قدم اٹھانے ہوں گے ۔