یوپی حکومت پر ہزاروں اسکول بند کرنے اور بدعنوانی کا الزام

   

اکھلیش یادو کی سخت تنقید، 26 ہزار بند اسکول دوبارہ کھولنے کا وعدہ

لکھنؤ۔30؍اگست ( ایجنسیز)سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں بند کیے گئے 26 ہزار اسکول ایس پی کی حکومت بننے پر دوبارہ کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں زیادہ تر پی ڈی اے سماج (پسماندہ، دلت آدیواسی اور اقلیتی طبقہ) کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں، اس لیے اقتدار میں آنے پر انہیں آبادی کے تناسب سے حقوق اور سیاسی حصہ داری دی جائے گی۔ خیال رہے کہ سماجوادی پارٹی حکومت پر بارہا یہ الزام عائد کرتی رہی ہے کہ ریاست میں 26 ہزار اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔پارٹی ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا اور سرکاری اسکولوں کا تحفظ ایس پی کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کے دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ حکومت کے پاس اب کتنا وقت باقی ہے یہ سب جانتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایس پی حکومت بننے پر محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کا آڈٹ کرایا جائے گا تاکہ ترقیاتی کاموں کے نام پر خرچ ہونے والی رقم اور مبینہ بدعنوانی کا پتہ چل سکے۔ اکھلیش یادو نے مندروں کے چندے میں بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب ایسے لوگوں کو قبول نہیں کریں گے اور تبدیلی کے منتظر ہیں۔ امن و امان کے معاملے پر انہوں نے الزام لگایا کہ دیگر ریاستوں کے جرائم پیشہ عناصر اتر پردیش میں وارداتیں کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مافیا کھلے عام فائرنگ کر رہے ہیں اور بعض واقعات میں 18، 18 راؤنڈ تک گولیاں چلائی گئی ہیں۔انہوں نے جرائم پیشہ عناصر اور اقتدار کے درمیان ملی بھگت کا بھی شبہ ظاہر کیا۔ اکھلیش نے ریاست میں بدعنوانی عروج پر ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایماندار افسر دباؤ میں کام کر رہے ہیں۔