یوپی میں اپرپرائمری اسکولوں کا انضمام اب تین کلومیٹر کے اندر

   

لکھنؤ: 28 اگست (یواین آئی) اتر پردیش بیسک ایجوکیشن کونسل کے پرائمری اور اپر پرائمری اسکولوں کے انضمام کے قوانین میں اب ترمیم کی گئی ہے ۔ 50 سے کم طلباء کے اندراج والے اسکولوں کے انضمام کے قوانین میں ترمیم کی گئی ہے ۔ اب تک ریاست میں اسکولوں کے انضمام کی شرط ایک کلومیٹر تھی جسے محکمہ نے بڑھا کر تین کلومیٹر کر دیا ہے ۔اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سکریٹری بنیادی تعلیم دیپک کمار نے آرڈر جاری کیا ہے ۔ اترپردیش کے بنیادی تعلیم والے اسکولوں میں 50 سے کم طلباء والے اسکولوں کے انضمام پر جاری تنازعہ کے درمیان محکمہ نے اب انضمام کا دائرہ تین کلومیٹر تک بڑھا دیا ہے ۔ جولائی کے مہینے میں 50 سے کم طلباء والے 5000 سے زائد اسکولوں کے انضمام پر تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ والدین کا کہنا تھا کہ محکمہ نے ان کے بچوں کے اسکول کا انضمام ایک کلومیٹر کے دائرے میں نہ کراکر تین سے پانچ کلو میٹر کے دائرے میں کرایا ہے ۔اس بارے میں بنیادی تعلیم کے وزیر سندیپ سنگھ نے کہا تھا کہ پانچ ہزار اسکولوں کا انضمام ایک کلومیٹر کے دائرے میں ہی کیا گیا ہے ۔ اب محکمہ کی طرف سے اس قاعدے میں ترمیم کردی گئی ہے ۔ایڈیشنل چیف سکریٹری دیپک کمار نے اپنی ہدایت میں کہا ہے کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تناظر میں مرکزی وزارت تعلیم کے سکریٹری نے چھوٹے اور کم وسائل والے اسکولوں کو بڑے اسکولوں کے ساتھ شامل کرنے کے حوالے سے ایک ہدایت جاری کی ہے ۔ اس حکم کے حوالے سے ریاست کے بنیادی تعلیمی اسکولوں میں 50 سے کم طلبہ والے اسکولوں کو جوڑا بنانے کے اصول میں ترمیم کی گئی ہے ۔ اب ایسے سکولوں کی حد ایک کلومیٹر سے بڑھا کر تین کلومیٹر کر دی جائے گی۔