یوپی میں تمام 80 نشستوں پر مقابلہ کرنے بی جے پی کو حلیف کی دھمکی

   

لکھنؤ18جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی اتحاد کے حامی پارٹی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی نے دھمکی دی ہے کہ اگر بی جے پی نے 24 جنوری تک سماجی انصاف کمیٹی کی رپورٹ کا نفاذ نہیں کیا تو پارٹی آنے والے لوک سبھا عام انتخابات میں پارٹی ریاست کی سبھی سیٹوں پر اپنے امیدواروں کو کھڑا کرے گی۔بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اور ریاستی کے کابینی وزیر اوم پرکاش راج بھر نے جمعہ کو یہاں اعلان کیا کہ اگر بی جے پی نے 24 جنوری تک سب سے زیادہ پسماندہ کو فائدہ پہنچانے کے لئے پسماندہ کے لئے 27 فیصد ریزرویشن کے تحت تقسیم کا نفاذ نہیں کیا تو وہ اپنی پارٹی کے امیدواروں کا نام 25 جنوری کو سبھی 80 سیٹوں کے لئے جاری کردیں گے ۔ راج بھر نے کہا کہ ‘‘بی جے پی نے اپنا وعدہ ایفا نہیں کیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات سے چھ مہینے پہلے انہوں نے پسماندہ کے لئے ریزرویشن کے نفاذ کا ہم سے وعدہ کیا تھا۔ اب صرف 80 دن باقی بچے ہیں اور ہم بی جے پی کے کام کرنے کے طریقے سے مایوس ہیں۔’’انہوںنے کہا کہ اتحاد کے وقت بی جے پی نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اترپردیش میں پسماندوں اور دلتوں کے ریزرویشن کا تین حصوں میں درجہ بندی کریں گے ۔ راج بھر نے کہا کہ پارٹی نے نئی ریزرویشن پالیس کے نفاذ کے لے بی جے پی کو 100 دن کا وقت دیا ہے اور وقت کی حد 24 جنوری کو ختم ہورہی ہے ۔ مرکزی حکومت نے اعلی ذاتوں کے غریب لوگوں کے لئے دس فیصد ریزرویشن کا فیصلہ لینے کے لئے 38 گھنٹوں کا وقت لیا لیکن وہ پانچ سال میں پسماندوں کے لئے ریزرویشن کے درجہ بندی پر فیصلہ نہیں لے پارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد میں شامل نہیں ہوگی۔