یوکرین کیلئے 50 ہزار ڈرونز کی خریداری میں جرمنی کی معاونت

   

کیئو ۔ 13 جولائی (ایجنسیز) ایک باخبر ذریعہ کے مطابق جرمنی نے یوکرین کے لیے 50 ہزار اٹیک ڈرونز کی خریداری کے لیے مالی معاونت فراہم کی ہے، جو کییف کے لیے کسی مغربی حکومت کی جانب سے ڈرونز کی سب سے بڑی معلوم خریداریوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان ڈرونز میں یوکرین کی معروف کمپنی اسکائی فال کے تیار کردہ شرائیک ”فرسٹ پرسن ویو‘‘ ایف پی وی حملہ آور ڈرونز بھی شامل ہیں۔ ان میں امریکی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی آٹویرین کا سافٹ ویئر نصب ہے۔ یہ سافٹ ویئر پرواز کے آخری مرحلے میں متحرک اہداف کا خودکار طور پر تعاقب کر کے انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آٹویرین کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر لورینز مائر نے معاہدہ کے حجم کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی مالیت تقریباً 9 کروڑ یورو (تقریباً 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر) ہے اور اس کی مالی معاونت ایک یورپی ملک کر رہا ہے۔ انہوں نے روئٹرز کو بتایا کہ ان میں سے کچھ ڈرونز پہلے ہی یوکرینی حکومت کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی رواں سال کے دوران فراہم کر دیے جائیں گے۔ اسکائی فال نے اس معاہدہ میں جرمنی کے کردارکی تصدیق کی، تاہم خریداری کی مزید تفصیلات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ جرمنی کی وزارت دفاع نے آپریشنل سکیورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے اس معاملہ پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ یوکرین کی وزارت دفاع نے بھی کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔