حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) ملک کی 4 ریاستوں میں کامیابی کے بعد بی جے پی قیادت نے تلنگانہ پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں تلگو ریاستوں میں پارٹی کے اقتدار کے نشانہ کے تحت حکمت عملی تیار کرنے کا کام شروع ہوچکا ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کے بجائے بی جے پی اقتدار کے ٹارگٹ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پارٹی کیڈر کو متحرک کرنے کیلئے جاریہ ماہ کے اواخر میں چیف منسٹر اتر پردیش یوگی ادتیہ ناتھ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا تلنگانہ کا دورہ کرسکتے ہیں۔ ریاستی قائدین نے یوگی ادتیہ ناتھ کے دورہ کی تاریخ طئے کرنے کیلئے قومی قائدین سے ملاقات کی ہے۔ تلنگانہ کے کسی مقام پر بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے 14 اپریل سے گدوال سے پرجا سنگرام یاترا کے دوسرے مرحلہ کا آغاز کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ یاترا کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ دو دن کا دورہ کرتے ہوئے جلسوں میں شرکت کریں گے۔ر