یوگی کابینہ کی توسیع،18 نئے چہرے شامل

   

لکھنؤ: 21 اگست(سیاست ڈاٹ کام) ریاست کی کمان سنبھالے ڈھائی سال کا عرصہ گذر جانے کے بعد اترپردیش کی یوگی حکومت نے بدھ کو اپنی کابینہ میں بڑے پیمانے پر توسیع کرتے ہوئے 23 نئے وزراء کو شامل کیا ہے جن میں 18 نئے چہرے ہیں۔ ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل نے راج بھون میں منعقد ایک سادہ تقریب میں نئے وزراء کو حلف دلایا۔اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سمیت ان کے دیگر وزراء اسمبلی اسپیکر ہردئے نارئن دکشت ریاستی بی جے پی صدر سوتنتر دیو سنگھ اور دیگر معزز افراد موجود رہے۔ جن نئے وزراء نے حلف لیا ہے ان میں چھ کابینی وزیر ، چھ مملکتی وزیر برائے آزادانہ چارج شامل ہیں باقی 11 کو مملکتی وزیر شامل ہیں۔ یوگی کابینہ کی تنظیم نو کے موقع پر 6 موجودہ وزراء سے ان کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے اور انہوں نے استعفی دے دیا۔ وزراء جنہوں نے استعفی دیا ہے ان میں وزیر مالیات راجیش اگروال، مملکتی وزیر انوپم جیسوال، دھرم پال سنگھ، ارچنا پانڈے ،چیتن چوہان اور مکٹ بہاری ورما شامل ہیں۔نئے چہروں کو قلمدان سونپنے کے بعد اب یوگی کابینہ کی مجموعی تعداد بشمول وزیر اعلی 56 ہوگئی ہے ۔