یوگی کابینہ کے 18 وزراء عنقریب حکومت چھوڑدیں گے

,

   

ایک اور وزیر دارا سنگھ کے استعفے پر راج بھر کا دعویٰ ، بی جے پی اقتدار کو چھوڑنے والے وزیر سوامی پرساد پر پرانے کیس میں کارروائی

لکھنؤ / سلطان پور : او بی سی لیڈر اوم پرکاش راج بھر نے چہارشنبہ کو دعویٰ کیا کہ روزانہ یوگی آدتیہ ناتھ کابینہ سے ایک یا دو وزیر حکومت چھوڑتے جائیں گے اور یہ تعداد /20 جنوری تک 18 ہوسکتی ہے ۔ راج بھر نے یہ دعویٰ اترپردیش کے وزراء سوامی پرساد موریا اور دارا سنگھ چوہان کے استعفے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کیا ہے ۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ میں نے دلتوں ، پسماندہ طبقات اور سماج کے محروم لوگوں کے تیئں بی جے پی کی سردمہری کو پہلے ہی تاڑلیا تھا ۔ 2017 ء میں حکومت میں شامل ہونے کے بعد جلد ہی مجھے اندازہ ہوگیا ۔ لیکن ان قائدین (مستعفی وزراء ) کو اتنا عرصہ انتظار کرنا پڑا اور جب ان کیلئے کوئی امید باقی نہ رہی تو آخر کار وہ بی جے پی کو اور حکومت کو چھوڑ آئے ہیں ۔ راج بھر 2022 ء کے اسمبلی انتخابات کیلئے پہلے ہی اپوزیشن سماج وادی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملاچکے ہیں ۔ راج بھر نے چہارشنبہ کو وزیر جنگلات اور ماحولیات دارا سنگھ کے استعفے اور ایک روز قبل موریا کی سبکدوشی کے بعد ایک ٹی وی چیانل کے پروگرام میں کہا کہ بی جے پی کابینہ سے ایک یا دو وکٹیں ہر روز گرتی جائیں گی اور یہ تعداد /20 جنوری تک دیڑھ درجن تک پہنچ جائے گی ۔ گزشتہ اسمبلی چناؤ میں راج بھر نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تھا اور ان کی پارٹی کو 4 نشستیں حاصل ہوئیں تھیں ۔ ضلع غازی پور کے ظہورا آباد سے منتخب راج بھر کو یوگی حکومت میں وزیر بنایا گیا تھا ۔ تاہم انہوں نے 2019 ء میں کابینہ چھوڑدی اور زعفرانی پارٹی کے ساتھ روابط بھی ختم کرلئے ۔ دریں اثناء سلطان پور ایم پی ۔ ایم ایل اے کورٹ نے سابق بی جے پی وزیر موریا کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے ۔ موریا کو فرقہ وارانہ احساسات بھڑکانے کا ملزم بنایا گیا ہے جبکہ وہ 7 سال قبل درج اس مقدمہ کے وقت بی ایس پی میں تھے ۔ موریا کو عدالت نے پیر /24 جنوری کو حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ موریا نے اس تبدیلی پر مسکراہٹ بکھیرتے ہوئے کہا کہ ایسا اور بہت کچھ ہوگا ۔