یوگی کیلئے ایئرٹکٹ، بی جے پی کیلئے علیگڑھ کا تالا

,

   

اترپردیش اسمبلی الیکشن میں برسراقتدار پارٹی کو شکست ہوگی ، ایس پی لیڈر کا دعویٰ

لکھنؤ : اترپردیش میں اپوزیشن سماج وادی پارٹی کے ترجمان آئی پی سنگھ نے طنز اور سیاسی پیش قیاسی پر مبنی اقدام میں چیف منسٹر یو پی یوگی آدتیہ ناتھ کیلئے /11 مارچ کا ایئر ٹکٹ برائے گورکھپور بک کرایا ہے اور پھر انہوں نے علیگڑھ سے ایک تالے کا آرڈر بھی دیا جو لکھنؤ میں واقع بی جے پی ہیڈکوارٹرس میں سوتنتر دیوسنگھ کے حوالے کیا جائے گا تاکہ دفتر کو تالا ڈال دے ۔ ایس پی ترجمان شائد کم سے کم کوشش میں زیادہ سے زیادہ تشہیر حاصل کرنے پر یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے محض ایک ایئر ٹکٹ بک کرانے کے ساتھ ایک تالا کا آرڈر دیتے ہوئے آنے والے ریاستی اسمبلی الیکشن کے تعلق سے زبردست پیام دینے کی کوشش کی ہے ۔ ان کا اقدام یقیناً ریاستی عوام بالخصوص ووٹروں میں موضوع بحث بنے گا ۔ 4 بی جے پی ارکان اسمبلی بشمول ریاستی وزیر سوامی پرساد موریا نے گزشتہ روز استعفے دیدیئے ۔ اس پس منظر میں آئی پی سنگھ نے ٹویٹ کیا کہ وہ ایک تالے کا آرڈر دے چکے ہیں جو دفتر بی جے پی کو پہنچایا جائے گا ۔ تاکہ برسراقتدار پارٹی کے قائدین اپنے دفتر کو بند کرکے /10 مارچ کو اپنے گھروں کو لوٹ جائیں ، جو ووٹوں کی گنتی کا دن ہے ۔ دو روز قبل آئی پی سنگھ نے ایک ایئر ٹکٹ کا اسکرین شارٹ سوشیل میڈیا پر شیئر کیا تھا جو مسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کیلئے بتایا گیا اور جس کی تاریخ /11 مارچ ہے ۔ ایئر انڈیا فلائیٹ کا یہ ٹکٹ گورکھپور کیلئے بک کیا گیا جہاں سے یوگی کا تعلق ہے ۔ سی ایم بننے سے قبل یوگی کئی میعاد حلقہ لوک سبھا گورکھپور کے ایم پی رہے تھے ۔ آئی پی سنگھ نے کہا کہ میں نے تو خیرسگالی کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ یوگی 5 برس ہمارے چیف منسٹر رہے ہیں ۔