یو جی سی ٹیاگ کیلئے یونیورسٹی طالبات کا مطالبہ

   

حیدرآباد۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست نیوز) یونیورسٹی گرانٹس کمیشن سے مسلمہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ویراناری چاکلی یلماں ویمنس یونیورسٹی کی طالبات کی ایک بڑی تعداد نے یونیورسٹی کیمپس میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ’’مسلمہ موقف کے بغیر تعلیم ناانصافی ہے‘‘ تحریر کئے پلے کارڈس کے ساتھ طالبات کی بڑی تعداد نے یونیورسٹی مین گیٹ کے سامنے بیٹھ کر احتجاج کیا۔ انہوں نے خدشات ظاہر کئے کہ یو جی سی سے مسلمہ حیثیت کے بغیر ان کے سرٹیفکیٹس کی اہمیت کیا ہوگی۔ انہوں نے ریاستی حکومت اور یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن سے اس یونیورسٹی کے لئے فوری طور پر یوجی سی سے مسلمہ حیثیت طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس وقت کے بی آر ایس کے دور حکومت کے دوران، عثمانیہ یونیورسٹی کالج فار ویمن کو ترقی دیتے ہوئے ایک یونیورسٹی میں تبدیل کیا گیا تھا جبکہ کانگریس نے اس کے نام کو بدل کر ویراناری چاکلی یلماں ویمنس یونیورسٹی کا نام دیا اور اسے یو جی سی سے مسلمہ موقف ہنوز حاصل نہیں ہوا ہے۔