یو پی میںکانگریس امیدواروں کی پہلی فہرست جاری

   

۔ 40 فیصد خواتین‘ 40فیصد نوجوانوں کو ٹکٹ‘پارٹی کا تاریخی فیصلہ

لکھنو:اتر پردیش میں کانگریس نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنی 125 امیدواروں کی پہلی فہرست میں 40 فیصد خواتین کو اور 40 فیصد نوجوانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس نے نہ صرف خواتین کو اتنی بڑی تعداد میں ٹکٹ دیا بلکہ ان خواتین کو بھی ٹکٹ دیا ہے جو کسی نہ کسی ظلم کا شکار رہی ہیں، چاہے وہ اناوٰ متاثرہ کی والدہ ہوں یا لکھنومیں سی اے اے اور این آر سی کی لڑائی لڑنے والی سماجی جہد کار ہو یا وہ خاتوں ہو جن کے ساتھ انتخابات میں زیادتی ہوئی ہو۔کانگریس کے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرتے ہوئے پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ خواتین اور نوجوان سامنے آئیں جو اقتدار اپنے ہاتھ میں لے کر اپنی اور اپنے جیسوں کی لڑائی لڑیں۔ اس فہرست میں جہاں ظلم کی متاثرین ہیں وہیں صحافی، اداکارہ اور سماجی کارکن بھی شامل ہیں۔ فہرست جاری کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے ایک ویڈیو بھی دکھایا جس میں کچھ امیدواروں کے بیان اور ان کے حالات بھی دکھائے گئے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے نئی سیاست کی شروعات کر دی ہے اور اس میں پریشانیاں آئیں گی، لیکن پارٹی اپنے مقصد پر قائم رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ان مدوں کے لئے ہمیشہ لڑتی رہیں گی اور انتخابات کے بعد بھی اتر پردیش میں ہی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی چاہے گی کہ ان کی اتر پردیش سے باہر بھی ضرورت ہے تو جو پارٹی کہے گی وہی وہ کریں گی، لیکن اتر پردیش میں کام کرتی رہوں گی۔کانگریس کی پہلی فہرست اور پرینکا گاندھی کے خطاب نے ملک کی سیاست میں ایک نئی اور تاریخی دستک دی ہے لیکن آنے والے دنوں میں ملک کی سیاسی پارٹیوں کو اب مثبت اور عوامی مدوں پر سیاست کرنی ہوگی۔