یہودی آبادکاری کیخلاف ریلی پراسرائیلی فوج کا تشدد

   

یروشلم : فلسطین کے شمالی شہر نابلس میں یہودی توسیع پسندی اور آبادکاری کے خلاف نکالی گئی ریلی پر اسرائیلی فوج نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے بیتا کے مقام پر نکالی گئی احتجاجی ریلی پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرین بیتا اور حوارہ کے مقامات پر فلسطینیوں کی اراضی پرقبضے کے بعد وہاں تعمیرات کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 11 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ زیر حراست افراد میں حماس کے مقامی سربراہ نادرصفافتہ بھی شامل ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کی خصوصی فورس نے چھاپا مار کارروائی کے دوران نادرصفافتہ کو ان کے گھر سے حراست میں لیا،تاہم حماس کی قیادت اور اسرائیلی فوج نے نادرصفافتہ کی حراست سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اس سے قبل اسرائیلی حکومت نے انتہاپسند یہود کو بیت المقدس کے علاقوں میں متنازعہ مارچ کی اجازت دی تھی،جس پر حماس نے خطے میں ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہونے سے خبردار کیا تھا۔ پہلے یہ ریلی جمعرات کے روز نکالی جانی تھی۔ صہیونی پولیس نے خطرات کے پیش نظر اس کی اجازت دینے سے منع کر دیا تھا، جس کے بعد اب حکومت نے شرانگیزی کے لیے 15 جون کی تاریخ دے دی ہے۔