حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ 15 اگسٹ کے بعد حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کو ہریش راؤ اور کے سی آر سے آزادی ملے گی اور اس سرزمین پر کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔ سدی پیٹ میں حلقہ لوک سبھا میدک کے امیدوار نیلم مدھو کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کومرولی ملنا کو گواہ بناکر وعدہ کرتا ہوں کہ 15 اگسٹ سے قبل کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے ہریش راؤ کو اپنے چیلنج پر قائم رہتے ہوئے استعفی تیار رکھنے کا مشورہ دیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 45 سال تک کے سی آر اور ہریش راؤ نے اسمبلی حلقہ کو قبضہ میں رکھتے ہوئے تکبرانہ سیاست پر عمل کیا ہے۔ اب دونوں مامو اور بھانجہ سے سدی پیٹ کے عوام کو 15 اگسٹ کو آزادی ملے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر ہریش راؤ استعفی دیتے ہیں تو اسمبلی حلقہ سدی پیٹ کیلئے ضمنی انتخاب منعقد ہوگا اور کانگریس کا امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی آر ایس کے مضبوط قلعہ پر کانگریس کا جھنڈا لہرائے گا۔واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ہریش راؤ کے مابین کسانوں کے قرض معافی کے مسئلہ پر الزامات و جوابی الزامات کا سلسلہ چل رہا تھا ۔ چیف منسٹر نے جب 15 اگسٹ تک کسانوں کے قرض معاف کرنے کا اعلان کیا تو ہریش راؤ نے ایسا نہ کرنے پر ریونت ریڈی کو مستعفی ہونے کا چیلنج کیا تھا اور قرض معاف ہونے پر خود استعفی پیش کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ 2