16 لوک سبھا نشستوں پر سی پی آئی ایم کی کانگریس کے امیدواروں کو تائید

   

بھونگیر حلقہ پارلیمنٹ سے سی پی آئی ایم کے امیدوار کا ادخال پرچہ نامزدگی، چیف منسٹر ریونت ریڈی سے وفد کی ملاقات

حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) نے ریاست میں 16 لوک سبھا نشستوں پر کانگریس امیدواروں کی تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ 16 نشستوں پر کانگریس امیدوار وں کی کامیابی کے لئے کام کریں گے جبکہ بھونگیر حلقہ پارلیمان سے سی پی ایم نے اپنے امیدوار کا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ سی پی ایم کے وفد نے آج چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ چیف منسٹر نے سی پی ایم کے وفد سے خواہش کی کہ وہ بی جے پی کی کامیابی کو روکنے کے لئے بھونگیر سے اپنے امیدوار کو دستبردار کروائیں تاکہ تلنگانہ میں سی پی ایم اور کانگریس متحدہ طور پر تمام نشستوں پر کامیابی کے لئے جدوجہد کرسکے۔ پارلیمانی حلقہ بھونگیر سے سی پی ایم امیدوار کی دستبرداری کے سلسلہ میں سی پی ایم کے وفد نے اپنے پارٹی ہائی کمان سے بات چیت کے بعد اسے قطعیت دینے کا فیصلہ کیا اور کانگریس قائدین سے اپیل کی کہ وہ بھی اپنے پارٹی ہائی کمان سے بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں میں ایک نشست سی پی ایم کے لئے چھوڑنے کے متعلق راضی کروانے کی کوشش کریں۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین سے 13مئی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں متحدہ طور پر کام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا کہ بھونگیر پارلیمانی حلقہ کی نشست کے سلسلہ میں دونوں ہی سیاسی جماعتوں کے ہائی کمان سے بات چیت کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا اور آئندہ 24گھنٹوں میں اس فیصلہ کو قطعیت دے دی جائے گی۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ نے حلقہ پارلیمان بھونگیر سے محمد جہانگیر کو اپنا امیدوار بنایا ہے جبکہ اس حلقہ سے کانگریس نے سی ایچ کرن کمار ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کرنے والے سی پی ایم قائدین 17 کے منجملہ 16 نشستوں پر کانگریس کی مکمل تائید کے علاوہ کانگریس امیدواروں کے حق میں مہم میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کانگریس امیدواروں کی کامیابی کے لئے سی پی ایم کیڈر بھی سرگرم مہم میں حصہ لے گا اور انڈیا اتحاد کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بناتے ہوئے فرقہ پرستوں کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا جائے گا۔چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والے قائدین میں مسٹر ٹی ویرابھدرم ‘ مسٹر جے رنگا ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین شامل تھے جنہوں نے ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔3